حکومت پنجاب نے 318 اقلیتی افراد میں امدادی چیکس تقسیم کر دیئے

ننکانہ صاحب: (دنیا نیوز) حکومت پنجاب کی جانب سے 318 اقلیتی افراد میں امدادی چیکس تقسیم کر دیئے گئے۔

دیوالی، ایسٹر، گڈ فرائیڈے اور ویساکھی پر 15 ہزار فی کس امداد دی گئی، صوبائی وزیر سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے چیکس تقسیم کیے، 21 ہندو، 198 مسیحی اور 99 سکھ افراد مستفید ہوئے۔

وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ اقلیتوں کے لئے خصوصی گرانٹس شفاف طریقے سے تقسیم کی گئی، پاکستان کا آئین تمام شہریوں کو برابر حقوق دیتا ہے، مذہبی آزادی اور اقلیتوں کے تحفظ کے لئے اقدامات جاری ہیں۔

سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ ایک لاکھ اقلیتی خاندانوں میں میرٹ پر مینارٹی کارڈز تقسیم کئے گئے، امداد کی فراہمی صرف پاورٹی سکور کی بنیاد پر کی گئی۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ اقلیتوں کی خوشیوں میں شریک ہونا پنجاب حکومت کی ذمہ داری ہے، محکمہ اقلیتی امور کا بجٹ 50 کروڑ سے بڑھا کر 10 ارب کر دیا گیا ہے۔

سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے مکمل اختیارات دیکر اقلیتی امور کے شعبے کو مضبوط کیا، کے پی کے میں حکمرانی پر سوالات خود تحریک انصاف کے اندر سے اٹھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی قیادت پر تنقید ان کے اپنے ارکان اسمبلی کر رہے ہیں، نااہل قیادت کے باعث کے پی کے میں عوام مسائل اور بدامنی کا شکار ہیں، کے پی کے میں بڑھتی بےروزگاری اور دہشتگردی صورتحال کو تشویشناک بنا رہی ہے۔

سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ تحریک انصاف نے پندرہ سالہ طویل اقتدار کے باوجود صوبے میں نمایاں بہتری نہیں لائی، کے پی کے کے عوام آج بھی بنیادی سہولیات کے لیے مشکلات کا شکار ہیں۔

صوبائی وزیر اقلیتی امور نے کہا کہ کے پی کے بھی پاکستان کا حصہ ہے، وہاں کے عوام کی مشکلات پر ہمیں افسوس ہے، کے پی کے کی عوام کو اب خود فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ کس قیادت کو آگے لانا چاہتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں