گجرات میں بھی ڈاکوؤں کی فائرنگ سے کانسٹیبل شہید
گجرات:(دنیا نیوز) پنجاب میں 24 گھنٹوں میں پولیس کا دوسرا اہلکار شہید ہو گیا۔
تھانہ کڑیانوالہ گجرات کی چوکی جلالپور صوبتیاں میں تعینات کانسٹیبل عمر آفتاب ڈاکوؤں کی فائرنگ سے شہید ہوا، آئی جی پنجاب عبدالکریم نے شہید کانسٹیبل عمر آفتاب کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔
اُنہوں نے کہا کہ شہید کانسٹیبل عمر آفتاب کے اہل خانہ کی مکمل دیکھ بھال، ویلفیئر اولین ترجیح ہے۔
دوسری جانب ڈاکوؤں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے ہلاک جب کہ دوسرا فرار ہو گیا، مفرور ڈاکو کی گرفتاری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔
علاوہ ازیں ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا تھا کہ نامعلوم موٹرسائیکل سوار 2 ڈاکو ایک فیملی سے زیورات اور نقدی چھین کر فرار ہوئے تھے، پولیس کے تعاقب پر ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، کانسٹیبل عمر آفتاب سر پر ڈاکوؤں کی گولی لگنے سے موقع پر شہید ہو گئے۔
واضح رہے گزشتہ روز لاہور کے علاقے کاہنہ میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے سی سی ڈی اہلکار رزاق جان کی بازی ہار گیا تھا۔