اسحاق ڈار کی چینی وزیر خارجہ سے ملاقات، امن کیلئے 5 نکاتی ایجنڈے پر اتفاق

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بیجنگ میں چینی وزیر خارجہ وانگ یی سے ملاقات کی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور چین نے مشرق وسطیٰ میں امن کیلئے پانچ نکاتی ایجنڈے کا اعلان کیا، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے مذاکرات کی بحالی کیلئے پاکستان کی کوششوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔

ترجمان نے بتایا کہ اسحاق ڈار نے پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ کے اجلاس پر بھی بریف کیا، فریقین نے علاقائی سکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔

ملاقات میں ترقی پذیر ممالک پرسنگین سماجی و معاشی اثرات پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔

ترجمان کے مطابق چینی وزیر وزیرِ خارجہ نے مغربی ایشیا میں امن کے فروغ کیلئے پاکستان کے فعال سفارتی کردار کو سراہا، دونوں رہنماؤں نے سی پیک کے دوسرے مرحلے کے تحت اعلیٰ معیار کی ترقی اور سٹریٹجک تعاون کو آگے بڑھانے پر زور دیا۔

دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تعلقات کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر اعلیٰ سطحی تبادلوں اور روابط بڑھانے پر زور دیا۔

نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ نے اپنے وفد کے ہمراہ پرتپاک استقبال اور مثالی مہمان نوازی پر چینی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا، ملاقات میں افغانستان کی صورتحال، امن و استحکام کی اہمیت اور دہشت گردی کے مؤثر تدارک پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں ممالک نے باہمی رابطوں کو باقاعدگی سے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں