4 اپریل تک بارشوں سے سیلابی صورتحال کا خدشہ، الرٹ جاری
پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا میں 2 سے 4 اپریل تک بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال کے خدشے کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق نوشہرہ کے مقام پر دریائے کابل میں اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے، دریائے کابل سے منسلک ندی نالوں میں بھی طغیانی کا خدشہ ہے، متعلقہ اضلاع کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
الرٹ میں کوہاٹ توئی، دریائے کرم اور دریائے گومل میں فلیش فلڈنگ کی پیشگوئی کی گئی ہے، پی ڈی ایم اے نے پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، مہمند، بنوں، کوہاٹ، کرم اور ڈی آئی خان کے ڈپٹی کمشنرز کو خصوصی ہدایات جاری کر دٰں۔
پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو نشیبی علاقوں اور حساس مقامات کی نشاندہی کی ہدایت کی ہے، مقامی آبادی کو دریاؤں اور ندی نالوں کے قریب جانے اور دیگر سیر و تفریح کرنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے ضلعی انتظامیہ کو موسمی اور سیلابی صوتحال سے متعلق مقامی آبادی اور سیاحوں کو آگاہ رکھنے اور محفوظ مقامات کا رخ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
الرٹ میں ریسکیو 1122 اور سول ڈیفنس اور دیگر متعلقہ اداروں کو مکمل الرٹ رہنے اور عملہ و مشینری تیار رکھنے جبکہ دریاؤں اور ندی نالوں کے قریب آبادی کو محتاط رہنے کی تاکید کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے ممکنہ خطرے کے پیش نظر نشیبی علاقوں سے بروقت انخلا یقینی بنانے کی ہدایت کی مویشی پال حضرات کو جانور محفوظ مقامات پر منتقل کرنے، حساس اور متعلقہ علاقوں میں گاڑیوں کی نقل و حرکت محدود رکھنے کا کہا ہے۔
الرٹ میں متاثرین کے لیے بروقت ریلیف اور طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے، سڑکوں کی بندش یا پانی جمع ہونے کی صورت میں فوری نکاسی کے اقدامات یقینی بنانے کی تاکید کی گئی۔
پی ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو دریاؤں اور ندی نالوں کی مسلسل نگرانی رکھنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ہر 6 گھنٹے بعد رپورٹ فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔