وزارت اطلاعات نے طالبان رجیم اور’ را‘ کےآلہ کاروں کے دعوؤں کو جھوٹا قرار دے دیا

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزارت اطلاعات نے طالبان رجیم اور’ را‘ کےآلہ کاروں کے دعوؤں کو جھوٹا قرار دے دیا۔

 

وفاقی دارالحکومت سے جاری اپنے ایک بیان میں وزارتِ اطلاعات کا کہنا تھا کہ پاک افغان سرحد سے حفاظتی باڑ ہٹانے کے بھارتی اورطالبان رجیم کےدعوے جھوٹے ثابت ہوئے، پاکستان 2640 کلومیٹرطویل پاک افغان سرحد کی حفاظت کر رہا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ طالبان رجیم دہشتگردوں، سمگلرز کے ساتھ مل کر دراندازی میں ملوث ہے، سرحد کی پیچیدہ صورتحال متعلقہ سکیورٹی حکام کئی بار واضح کر چکے ہیں، 29نومبر 2025 کو ڈی جی آئی ایس پی آر نے پریس کانفرنس میں واضح کردیا تھا۔

حکام کا کہنا تھا کہ طالبان حکومت کے میڈیا ذرائع کی ویڈیوز من گھڑت اور پہلے سے تیار کردہ مواد ہیں، اِس طرح کا مواد خوارج اور طالبان کی بزدلانہ فطرت کو ظاہر کرتا ہے جب کہ پاک افغان سرحد پر لگائی گئی باڑ مکمل طور پر محفوظ اور برقرار ہے۔

وزارت اطلاعات نے کہا کہ کسی بھی دراندازی کابروقت سخت اور بھرپور جواب دیا جاتا ہے، آپریشن غضب للحق میں 250 سے زائد افغان چوکیوں تباہ ، متعدد پر قبضہ کیا گیا، افغان طالبان رجیم جھوٹے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔

اِسی طرح افغان طالبان رجیم اور ان کے بھارتی سرپرست عالمی سطح پر بدنام ہیں،افغان طالبان رجیم کبھی پاکستانی ٹینک پر قبضے کا جھوٹا دعویٰ کرتی ہے، کبھی ڈرون حملے جیسے دعوے ان کی مکمل غیر معتبر حیثیت کو ظاہر کرتے ہیں۔

دوسری جانب وزارت اطلاعات نے واضح کیا کہ افغان طالبان یا اُن کے میڈیا کے کسی بھی دعوے پر اعتماد نہیں کیا جا سکتا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں