عدالتی فیصلے کے بعد میشا شفیع نے اپنے خیالات کا اظہار کر دیا
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف گلوکارہ میشا شفیع نے ہتکِ عزت کے مقدمے میں عدالتی فیصلہ آنے کے بعد بالآخر اپنے خیالات کا اظہار کردیا ہے۔
عدالتی فیصلے کے بعد میشا شفیع نے انسٹاگرام پر متعدد اسٹوریز شیئر کیں، جن میں انہوں نے خواتین کے حوصلے اور خودمختاری سے متعلق شاعری پوسٹ کی، اپنے پیغام میں انہوں نے اس بات کا عندیہ دیا کہ وہ اس مشکل مرحلے کو ایک ذاتی صدمہ سمجھتے ہوئے اب اپنی توانائی کو خود کو سنبھالنے اور آگے بڑھنے پر مرکوز کریں گی۔
میشا شفیع کا کہنا تھا کہ وہ اپنے تجربات سے گزر چکی ہیں اور اب شفا کے سفر کی طرف بڑھ رہی ہیں۔ ان کے مطابق سچ بولنا ہی ان کی اصل کامیابی ہے اور وہ اپنے کام کے ذریعے خود کو مضبوط بنانے کی کوشش جاری رکھیں گی۔
واضح رہے یہ تنازع تقریباً آٹھ سال قبل اس وقت شروع ہوا تھا جب میشا شفیع نے علی ظفر پر ہراسانی کے الزامات عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے نامناسب رویہ اختیار کیا۔ اس معاملے نے ’می ٹو‘ تحریک کے تناظر میں خاصی توجہ حاصل کی، جس کے بعد دونوں فنکاروں کے درمیان قانونی جنگ کا آغاز ہوا جو طویل عرصے تک جاری رہی۔
یاد رہے کہ اس کیس میں علی ظفر کامیاب قرار پائے اور عدالت نے میشا شفیع کو ہرجانے کے طور پر 50 لاکھ روپے ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔