اسرائیل کا شام اور لبنان کے درمیان واقع سرحدی گزرگاہ کو نشانہ بنانے کا اعلان

تل ابیب: (دنیا نیوز) اسرائیلی فوج نے اعلان کیا ہے کہ وہ شام اور لبنان کے درمیان واقع سرحدی گزرگاہ کو نشانہ بنانے جا رہی ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان ایک اہم راستہ سمجھی جاتی ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیل کا مؤقف ہے کہ اس گزرگاہ کو اسلحہ سمگلنگ کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے تاہم اس حوالے سے کوئی ٹھوس شواہد پیش نہیں کیے گئے، فوج نے علاقے میں موجود افراد کو فوری طور پر انخلا کی ہدایت دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ وہ شدید خطرے میں ہیں۔

رپورٹ کے مطابق یہ گزرگاہ زیادہ تر ان شامی شہریوں کیلئے استعمال ہو رہی ہے جو جنگ کے بعد لبنان سے واپس جا رہے ہیں جبکہ یہ انسانی امداد کی ترسیل کیلئے بھی ایک اہم راستہ ہے، جس علاقے کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی گئی ہے وہ تقریباً ساڑھے 3 کلومیٹر پر مشتمل نو مینز لینڈ کا حصہ ہے، جہاں سیکڑوں ٹرک کئی ماہ سے کھڑے ہیں۔

سرحدی علاقے سے آنے والی اطلاعات کے مطابق لوگوں میں شدید خوف و ہراس پایا جا رہا ہے، شہری پیدل فرار ہونے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ ٹرکوں کو ہٹانے کی کوششوں کے باعث افراتفری کا ماحول پیدا ہو گیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں