زرمبادلہ کے ذخائر بڑھانے کیلئے متبادل منصوبے پر کام کا آغاز
اسلام آباد: (دنیا نیوز) زرمبادلہ کے ذخائر بڑھانے کیلئے حکومت نے متبادل منصوبے پر کام شروع کر دیا۔
وزارت خزانہ کے مطابق یورو بانڈز اور یو اے ای کو ادائیگی کے بعد زرمبادلہ ذخائر کو مستحکم کرنے کیلئے مختلف تجاویز پیش کی گئیں جبکہ زرمبادلہ ذخائر بڑھانے کیلئے سعودی عرب کو مزید ڈپازٹ کیلئے درخواست بھی دی گئی۔
ذرائع کے مطابق مؤخر ادائیگی پر تیل کی سہولت کیلئے پیمنٹ کا حجم دوگنا کرنے کی درخواست کی گئی ہے تاہم سولر پراجیکٹس، ٹیکسٹائل، سیاحت، لیدر، فارما، منرلز میں سرمایہ کاری اور موخر ادائیگی پر تیل حاصل کرنے کیلئے رقم کا دورانیہ بڑھا کر دوگنا کرنے پر بات چیت کی گئی ہے۔
علاوہ ازیں موجودہ سعودی عرب کے ڈپازٹ کو بھی ڈیفنس پیکٹ کا حصہ بنانے پر بات چیت جاری ہے تاہم سعودی عرب کے ساتھ بات چیت جاری ہے لیکن تاحال فائنل ڈرافٹ سائن نہیں ہوا جبکہ مجموعی طور پر سعودی عرب کیساتھ 5 ارب ڈالر کیلئے پروپوزل پر ڈسکشن ہو رہی ہے جس میں جون تک مرکزی بینک کے پاس 18 ارب ڈالر اور دسمبر تک 20 ارب ڈالر کا ہدف ہے۔
ذرائع کے مطابق مرکزی بینک کی جانب سے مارکیٹ سے بھی ڈالرز کی خریداری کی گنجائش موجود ہے، مرکزی بینک نے گزشتہ تین برسوں کے دوران 24 ارب ڈالر مارکیٹ سے خریدے ہیں۔