منگل ایران میں بجلی گھروں اور پلوں کی تباہی کا دن ہوگا: ٹرمپ

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ منگل کو ایران میں بجلی گھروں اور پلوں پر حملوں کا دن ہوگا، ایران میں ایک ساتھ یہ کام مکمل کیا جائےگا۔

اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ آبنائے ہرمز کھول دو ورنہ تم جہنم جیسی صورت حال میں زندگی گزارو گے۔

مزید برآں امریکی نشریاتی ادارے سے بات کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے بتایا کہ انہیں یقین ہے کہ پیر کو ایران کے ساتھ معاہدے کا ایک اچھا موقع ہے جبکہ وہ پہلے آبنائے ہرمز کھولنے یا پھر بدترین بم باری کا سامنا کرنے کی دھمکی دے چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں کل ایک اچھا موقع ہے، اب وہ مذاکرات کر رہے ہیں، اگر وہ جلد معاہدہ نہیں کرتے ہیں تو میں سب کچھ اڑانے اور تیل پر قبضہ کرنے پر غور کر رہا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر ایران معاہدہ کرنے میں ناکام ہوجاتا ہے تو پھر آپ ان کے ملک بھر میں پلوں اور پاور پلانٹس کو گرتے ہوئے دیکھیں گے۔

قبل ازیں ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو 48 گھنٹوں کا الٹی میٹم دیتے ہوئے بتایا کہ ایران کو آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے 10 دن کی مہلت دی تھی اور اب وقت نکلتا جا رہا ہے اور 48 گھنٹے بعد قیامت ڈھا دی جائے گی۔

امریکی صدر اس سے قبل بھی ایران کو دھمکیاں دیتے رہے ہیں تاہم ثالثی کے لیے ہونے والی کوششوں کے پیش نظر وہ ان میں توسیع کا اعلان کرتے رہے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں