حکومت نے صوبوں کی مشاورت سے پٹرول کی قیمت میں ردوبدل کا فیصلہ کیا: بلال اظہر کیانی

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیرِ مملکت خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ حکومت نے صوبوں کی مشاورت سے قیمتوں میں ردوبدل کا فیصلہ کیا۔

 وفاقی وزیر آئی ٹی شزافاطمہ خواجہ کے ہمراہ وفاقی دارالحکومت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلال اظہر کیانی کا کہنا تھا کہ پاکستان قیام امن کیلئے بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف کی قیادت میں قیام امن کی کوششیں جاری ہیں، نائب وزیراعظم اور فیلڈ مارشل امن کوششوں کیلئے متحرک ہیں۔

وفاقی وزیرِ مملکت خزانہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے پٹرولیم قیمتیں 3ہفتے تک بڑھنے سے روکے رکھیں، وزیراعظم نے پٹرولیم قیمتوں کا بوجھ عوام کے بجائے حکومت پر ڈالا جب کہ پٹرولیم مصنوعات کی بلاتعطل فراہمی جاری ہے۔

بلال اظہر کیانی نے کہا کہ حکومت نے صوبوں کی مشاورت سے قیمتوں میں ردوبدل کا فیصلہ کیا، کمزور طبقے کو ریلیف دینے کیلئے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔

وفاقی وزیرِ مملکت کا کہنا تھا کہ موٹر سائیکل چلانے والوں کو 100 روپے فی لٹر سبسڈی دی جا رہی ہے، ملک میں پٹرول کے لیے کہیں بھی لمبی قطاریں نہیں لگیں۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ میں قیام امن کے لیے پاکستان بھر کردار ادا کر رہا ہے ، وزیراعظم نے خطے میں ہمیشہ قیام امن کی بات کی ہے ۔
وفاقی وزیرآٹی ٹی شزا فاطمہ خواجہ
وفاقی وزیرآٹی ٹی شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ حکومت پٹرولیم منصوعات کی قیمتوں کے اثرات کم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

شزا فاطمہ خواجہ کا کہنا تھا کہ پبلک اور گڈز ٹرانسپورٹ کو سبسڈی دی جا رہی ہے، ریجنل سسٹم کے ذریعے سبسڈی منتقلی کا عمل شروع کیا گیا ہے ، صرف رجسٹرڈ گاڑیوں کو سبسڈی دی جائے گی۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا ترجیح ہے، وزارتِ آئی ٹی ، وزارتِ خزانہ اور سٹیٹ بینک مل کر کام کر رہے ہیں، جب کہ پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی میں کہیں خلل نہیں آنے دیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں