امریکہ ایران تنازع ،پاکستان کا مؤثر ثالثی کردار، عالمی پذیرائی
امریکہ ایران تنازع ،پاکستان کا مؤثر ثالثی کردار، عالمی پذیرائیسیاسی و عسکری قیادت نے سفارتی سطح پر نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں : آصف رضا
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)پاکستان سنی تحریک کے ڈویژنل صدر و رکن ضلعی امن کمیٹی پروفیسر پیر میاں محمد آصف رضا قادری نے کہا ہے کہ امریکہ ایران تنازع میں پاکستان دنیا بھر میں پرامن ثالثی کا کردار ادا کر رہا ہے اور سیاسی و عسکری قیادت نے سفارتی سطح پر نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔الٰہی آباد میں منعقدہ پاک فوج زندہ باد کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خطے میں کشیدگی کم کرنے کیلئے حکومت اور پاک فوج کی خدمات قابلِ ستائش ہیں، جبکہ پاکستان کو عالمی سطح پر ثالث کے طور پر پذیرائی مل رہی ہے ۔ انہوں نے زور دیا کہ اس سفارتی کامیابی کو معاشی بہتری میں تبدیل کرنے کا موقع ضائع نہیں ہونا چاہیے ۔ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے ذمہ دارانہ اور غیر جانبدارانہ کردار ادا کر کے امن پسندی کا عملی ثبوت دیا ہے ، جس سے دنیا کو جنگ کے خطرات سے محفوظ رکھنے میں مدد ملی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سفارتی کامیابیوں کے خلاف سوشل میڈیا پر منفی پراپیگنڈا بھی کیا جا رہا ہے ، جس کا مقابلہ قومی یکجہتی سے کرنا ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج وطن کی سلامتی کی ضامن اور پہلی دفاعی دیوار ہے ، جس کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔