قیدیوں کو رہائی کے بعد روزگاردلانے کیلئے اقدامات کا فیصلہ
قیدیوں کو رہائی کے بعد روزگاردلانے کیلئے اقدامات کا فیصلہ اسیران کو معاشرے کا کارآمد شہری بنایاجائیگا:کمشنر،جیل ریفارمز بارے اجلاس
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)کمشنر فیصل آباد ڈویژن مسرت جبیں کی زیرصدارت جیل ریفارمز بارے اجلاس ہوا ۔ڈی آئی جی جیل خانہ جات، ڈسٹرکٹ، سینٹرل، ویمن، بورسٹل جیلوں کے سپرنٹنڈنٹس سمیت تحفظ ماحول، انڈسٹریز، ٹیوٹا، سوشل ویلفیئر کے افسروں نے شرکت کی۔بورسٹل انسٹیٹیوٹ میں مختلف کورسز سیکھنے والے نوعمر اسیران سمیت دیگر جیلوں میں مہارت یافتہ قیدیوں کو رہائی کے بعد روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے اقدامات کا فیصلہ کیا گیا۔کمشنر نے کہا کہ مہارت یافتہ اسیران کو معاشرے کا کارآمد شہری بنانا اور اپنے پاؤں پر کھڑا کیاجائیگا۔
محکمہ انڈسٹریز،تحفظ ماحول اور ٹیوٹا اپنی اپنی سطح پر انڈسٹریز کے ساتھ قید سے رہائی کے بعد اسیران کو ملازمت فراہم کرنے کے حوالے سے رابطہ کریں۔اس ضمن میں ایم او یو سائن کرنے کیلئے بھی اقدامات کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ جیل سپرنٹنڈنٹس مختلف ٹریڈز میں کورسز مکمل کرنے والے اسیران کی فہرست فراہم کریں۔جیلوں میں مارکیٹ کے مطابق درکار کورسز بھی شروع کرائے جائیں۔ مہارت یافتہ اسیران کو رہائی پر ٹول کٹس کی فراہمی کیلئے چیمبر آف کامرس سے رابطہ کیا جائے جبکہ سوشل ویلفیئر کو بھی ٹول کٹس کی فراہمی کیلئے این جی اوز کو آن بورڈ لینے کا ٹاسک تفویض کیاگیا۔