روزمرہ اشیاکی قیمتوں میں استحکام کیلئے مؤثرمانیٹرنگ کا حکم
روزمرہ اشیاکی قیمتوں میں استحکام کیلئے مؤثرمانیٹرنگ کا حکم افسرشہری مسائل کے حل کی پیشرفت روزانہ پورٹل پر اپلوڈ کریں:ڈی سی
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر ندیم ناصر کی زیر صدارت پرفارمنس انڈیکیٹرزپر عملدرآمد سے متعلق اجلاس ،ضلعی محکموں کو تفوض کردہ اہداف کو روزانہ ڈیجیٹل ڈیش بورڈ پر اپلوڈ کرنے کی ہدایت کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام کیلئے فیلڈ مانیٹرنگ مزید مؤثر بنانے کا حکم دیا اور اسسٹنٹ کمشنرز و پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو روزانہ مارکیٹ وزٹس بڑھانے کی ہدایت کے ساتھ پرائس کنٹرول میکنزم پر موثر عملدرآمد یقینی بنانے اورروٹی سمیت اشیائے خورونوش کی مقررہ نرخوں پر دستیابی ہر صورت یقینی بنانے کا حکم دیا۔ سڑکوں کے پیچ ورک، سٹریٹ لائٹس فعال،سیوریج اور مین ہول کورز کے مسائل کے فوری حل کیلئے متعلقہ اداروں کو متحرک رہنے اور تمام شہری مسائل کے حل کی پیشرفت روزانہ پورٹل پر اپلوڈ کرنے کا بھی حکم د یا۔ ہسپتالوں اور واٹر فلٹریشن پلانٹس کا معائنہ یقینی بنانے پر زور دیا اور کہا عوام کو صاف پانی اور بہتر طبی سہولیات فراہمی میں غفلت برداشت نہیں کی جائیگی۔ ڈپٹی کمشنر نے انسدادِ تجاوزات مہم کو مزید موثر بنانے اور سرکاری اراضی واگزار کرانے کیلئے رپورٹ طلب کرلی اور کہا قابضین و تجاوزات مافیا کیخلاف کارروائیاں جاری رہنی چاہئیں۔ ستھرا پنجاب مہم کے تحت پارکس، گرین بیلٹس اور قبرستانوں کی صفائی و دیکھ بھال مزید بہتر بنائی جائے اور وزیراعلیٰ شکایت سیل پر موصول شکایات کا مقررہ وقت میں سو فیصد ازالہ یقینی بنایا جائے ۔