بغیر حفاظتی اقدامات گاڑیوں میں گیس فلنگ جاری
سول ڈیفنس عملہ کی مبینہ ملی بھگت سے دھندہ جاری، مسافروں کی زندگیاں خطرے میں،غیر معیاری گھریلو سلنڈرز کی ریفلنگ بھی مسلسل خطرہ ، کارروائی کامطالبہ
فیصل آباد(ذوالقرنین طاہر سے )محکمہ سول ڈیفنس کی غفلت اور مبینہ ملی بھگت سے غیر قانونی دکانوں پر بغیر حفاظتی اقدامات کے گاڑیوں میں گیس فلنگ کا سلسلہ نہ رک سکا،مسافروں کی زندگیاں خطرے میں پڑ گئیں،غیر معیاری گھریلو سلنڈرز کی ریفلنگ بھی مسلسل خطرہ بنی ہوئی ہے ،محکمہ سول ڈیفنس کے افسر نشاندہی کے باوجود کارروائی کی بجائے خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہے ہیں۔پابندی کے باوجود شہر اور گرد و نواح میں ایل پی جی پر چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ مسلسل خطرہ بنی ہوئی ہے مختلف علاقوں میں چھوٹی چھوٹی دکانوں پر گیس ریفلنگ کا غیر قانونی کام جاری ہے جہاں درجنوں ویگنوں، رکشوں اور مسافر گاڑیوں میں غیر منظور شدہ ایل پی جی سلنڈرز کی ریفلنگ کی جاتی ہے ماضی میں ایسے سلنڈرز پھٹنے سے متعدد جان لیوا حادثات پیش آچکے ہیں پھر بھی محکمہ سول ڈیفنس کے افسر مبینہ نذرانے لے کر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں ٹرانسپورٹرز کی جانب سے سستے ایندھن کے لالچ میں انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالا جارہا ہے ماہرین کے مطابق گاڑیوں میں نصب غیر معیاری اور غیر ٹیسٹ شدہ سلنڈرز کسی بھی وقت بڑے سانحے کا سبب بن سکتے ہیں خصوصاً غیر قانونی دکانوں پر ہاتھوں سے کی جانے والی گیس ر فلنگ، ناقص والوز، زائد پریشر اور حفاظتی معیار کے فقدان پر آگ لگنے اور دھماکوں کے امکانات کئی گنا بڑھ جاتے ہیں پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کرنے والے مسافروں اور عملے کی زندگیاں مسلسل خطرے میں ہیں ۔ماضی قریب میں فیصل آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں ایل پی جی سلنڈرز پھٹنے سے درجنوں مسافر جھلس کر جاں بحق اور زخمی ہوچکے ہیں کئی واقعات میں پوری گاڑیاں آگ کے شعلوں میں تبدیل ہوگئیں تاہم اسکے باوجود غیر قانونی ری فلنگ اور سلنڈرز کے استعمال کا سلسلہ نہ رک سکا۔ ذرائع کے مطابق ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے کچھ عرصہ قبل گیس سلنڈر والی گاڑیوں کیخلاف کریک ڈاؤن شروع کیا گیا تھا مگر وہ کارروائیاں بھی اچانک رک گئیں اسی طرح سول ڈیفنس حکام کی جانب سے غیر قانونی ریفلنگ پوائنٹس کیخلاف وقتی کارروائیوں کے بعد دوبارہ خاموشی اختیار کرلی گئی جس سے مافیا دوبارہ متحرک ہوگیا ۔ سول ڈیفنس سیفٹی قوانین کے تحت بغیر اجازت ایل پی جی ریفلنگ، غیر منظور شدہ سلنڈرز کا استعمال اور حفاظتی معیار کے بغیر پبلک ٹرانسپورٹ چلانا سنگین خلاف ورزی ہے جس پر بھاری جرمانے اور مقدمات کا اندراج بھی کروایا جاسکتا ہے لیکن محکمہ سول ڈیفنس کی غیر مبینہ ملی بھگت اور نذرانے وصول کیے جانے پر گیس ریفلنگ والی دکانوں کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی جارہی شہریوں نے کمشنر، ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے محکمہ سول ڈیفنس اور ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کو فوری کارروائی کے احکامات جاری کئے جائیں،پشت پناہی کرنے والے ملازمین کیخلاف محکمانہ کارروائی کی جائے اور بلاامتیاز آپریشن کرکے غیر قانونی ایل پی جی ریفلنگ مراکز سیل کیے جائیں، پبلک ٹرانسپورٹ میں نصب خطرناک سلنڈرز فوری اتارے جائیں تاکہ کسی بڑے سانحے سے قبل انسانی جانوں کو محفوظ بنایا جاسکے ۔ معاملے سے متعلق ڈسٹرکٹ آفیسر سول ڈیفنس رانا عباس سے رابطہ کیا گیا تو انکا کہنا تھا ایسے ریفلنگ پوائنٹس کیخلاف کارروائی کی جائیگی۔