زرعی یونیورسٹی انڈرگریجویٹ داخلوں کیلئے دوسرا انٹری ٹیسٹ
14 ہزار امیدواروں نے شرکت کی،فول پروف انتظامات کیے گئے تھے
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں انڈرگریجویٹ ڈگری پروگراموں میں داخلوں کے لیے دوسرے انٹری ٹیسٹ کا انعقاد کیا گیا، جس میں ملک بھر سے تقریباً 14 ہزار امیدواروں نے شرکت کی۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی کی ہدایات پر امیدواروں اور ان کے والدین کی سہولت کے لیے فول پروف انتظامات کیے گئے تھے ۔ ڈائریکٹر ایڈمیشن ڈاکٹر محمد مزمل جہانگیر کے مطابق امتحانی مراکز فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، لاہور، گوجرانوالہ، لیہ، دیپالپور (اوکاڑہ)، نارووال، راولپنڈی، ملتان، رحیم یار خان، سرگودھا، بہاولپور اور بورے والا سمیت 13 شہروں میں قائم کیے گئے تھے۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے یونیورسٹی کے دیگر حکام کے ہمراہ فیصل آباد میں قائم مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے امیدواروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا معائنہ کیا۔یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق انٹری ٹیسٹ کے انعقاد کے لیے شفاف، منظم اور مؤثر انتظامات کیے گئے تاکہ امیدواروں کو خوشگوار اور سہل امتحانی ماحول میسر آ سکے ۔واضح رہے کہ کیو ایس ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ کے مطابق زرعی یونیورسٹی فیصل آباد زراعت و جنگلات کے شعبے میں دنیا کی 33ویں بہترین جامعہ ہے ، جبکہ تعلیم، تحقیق اور اختراع کے میدان میں بھی نمایاں کامیابیاں حاصل کر چکی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments