سست سسٹم : برتھ، میرج، ڈیتھ سرٹیفکیٹ بنوانا مشکل

سست سسٹم : برتھ، میرج، ڈیتھ سرٹیفکیٹ بنوانا مشکل

نئے آن لائن نظام کے تحت یونین کونسل سیکرٹریز کا کردار صرف ڈیٹا اندراج تک محدود ہو گیا ، چند گھنٹوں میں مکمل ہونے والا کام کئی ہفتوں تک مکمل نہیں ہو پاتا

فیصل آباد (عبدالباسط سے ) محکمہ لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ کے نظام کو آن لائن منتقل کیے جانے کے بعد برتھ، میرج اور ڈیتھ سرٹیفکیٹس سمیت دیگر دستاویزات کا حصول شہریوں کے لیے دشوار ہو گیا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سسٹم کی سست رفتاری اور منظوری کے نئے مراحل کے باعث معمول کے کام بھی کئی کئی ہفتوں تک التوا کا شکار رہتے ہیں۔ذرائع کے مطابق نئے آن لائن نظام کے تحت یونین کونسل سیکرٹریز کا کردار صرف درخواست کا ڈیٹا سسٹم میں درج کرنے تک محدود ہو گیا ہے، جبکہ دستاویزات کے اجرا سے قبل اسسٹنٹ ڈائریکٹرز، ڈپٹی ڈائریکٹرز اور دیگر متعلقہ افسروں کی آن لائن تصدیق لازمی قرار دی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ضلع بھر کی یونین کونسلز سے روزانہ موصول ہونے والی بڑی تعداد میں درخواستوں کا بوجھ متعلقہ افسران پر منتقل ہونے کے باعث منظوری کا عمل سست ہو گیا ہے ، جس سے شہریوں کے اہم معاملات بھی متاثر ہو رہے ہیں۔شہریوں نے یہ بھی شکایت کی کہ آن لائن سسٹم اکثر لنک ڈاؤن رہتا ہے ، جس کے باعث چند گھنٹوں میں مکمل ہونے والا کام کئی ہفتوں تک مکمل نہیں ہو پاتا۔ ان کے مطابق اس صورتحال سے نہ صرف محکمانہ امور متاثر ہو رہے ہیں بلکہ درخواست گزاروں کو بھی بار بار دفاتر کے چکر لگانے پڑ رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق اس سے قبل معمول کی درخواستوں پر یونین کونسل سیکرٹری کی تصدیق کے بعد ایک سے دو روز میں سرٹیفکیٹس جاری کر دئیے جاتے تھے ، جبکہ صرف پیچیدہ یا تاخیر سے درج ہونے والے کیسز اعلیٰ حکام کو بھجوائے جاتے تھے۔شہریوں نے اس بات کا اعتراف کیا کہ آن لائن نظام سے شفافیت اور بے ضابطگیوں میں کمی لانے میں مدد مل سکتی ہے، تاہم ان کا مؤقف ہے کہ موجودہ نظام مطلوبہ استعداد کا حامل نہیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ سسٹم کی استعداد میں اضافہ، تکنیکی مسائل کا فوری حل اور منظوری کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ شہریوں کو بروقت سہولیات میسر آ سکیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...