میڈیکل سٹورز پر فارماسسٹ کی عدم موجودگی، ادویات سٹوریچ پر بھی شہریوں کو تشویش

میڈیکل سٹورز پر فارماسسٹ کی عدم موجودگی، ادویات سٹوریچ پر بھی شہریوں کو تشویش

متعدد فارمیسیز اور میڈیکل سٹورز پر فارماسسٹ یا کوالیفائیڈ سٹاف مو جو د نہیں ،ادویات کو محفوظ رکھنے کیلئے اے سی یا مناسب کولنگ سسٹم بھی موجود نہیں، مریضوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ

فیصل آباد(ذوالقرنین طاہر سے )ضلع بھر میں متعدد فارمیسیز اور میڈیکل سٹورز پر مبینہ طور پر قانونی و طبی اصولوں کی خلاف ورزی کا انکشاف ہوا ہے ، جہاں فارماسسٹ یا کوالیفائیڈ سٹاف کی عدم موجودگی کے باوجود ادویات کی فروخت جاری ہے ۔ بعض میڈیکل سٹورز پر ادویات کو محفوظ رکھنے کے لیے مطلوبہ درجہ حرارت برقرار رکھنے کے لیے اے سی یا مناسب کولنگ سسٹم بھی موجود نہیں، درجہ حرارت سے متاثر ہونے والی ادویات کی کوالٹی متاثر ہونے اور مریضوں کی صحت کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے ۔ضلع بھر میں بڑی تعداد میں میڈیکل سٹورز اور فارمیسیز پر ادویات کی فروخت اور سٹوریج کے مقررہ قواعد و ضوابط پر عملدرآمد نہ ہونے کی شکایات سامنے آئی ہیں۔

دوسری جانب محکمہ صحت کی جانب سے کی جانے والی کارروائیاں بھی ضلع بھر میں موجود میڈیکل سٹورز کی تعداد کے مقابلے میں محدود دکھائی دیتی ہیں، جس کے باعث شہریوں میں مؤثر نگرانی اور مستقل کارروائی کے حوالے سے تشویش پائی جاتی ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ادویات کا معاملہ براہ راست انسانی صحت اور زندگی سے جڑا ہے ، اس لیے صرف کاغذی کارروائی کے بجائے تمام میڈیکل سٹورز کی باقاعدہ چیکنگ، فارماسسٹ کی موجودگی، ادویات کی مقررہ درجہ حرارت پر اسٹوریج اور دیگر قانونی تقاضوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ ناقص انتظامات کے باعث ادویات فائدے کے بجائے نقصان کا باعث نہ بنیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...