اساتذہ ، معلمات کو درپیش مسائل حل کئے جا رہے :اکرم اشرف
حافظ آباد(نمائندہ دُنیا ، نامہ نگار ) چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن حافظ آباد اکرم اشرف نے کہا ہے کہ ضلع بھر کے سرکاری سکولوں کے اساتذہ اور معلمات کو درپیش مسائل کے بروقت اور مؤثر حل کے لیے ٹھوس اور نتیجہ خیز اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
اس سلسلے میں محکمہ تعلیم کے افسران اور ماتحت عملے کو اپنی مجموعی کارکردگی بہتر بنانے اور تمام امور میں میرٹ پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کا پابند بنا دیا گیا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اجلاس کے بعد میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی ترقی، سروس معاملات اور دیگر انفرادی و اجتماعی مسائل کے حل میں بلاجواز تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ محکمہ تعلیم کے دفاتر میں عرصہ دراز سے زیر التواء پڑی فائلوں کے فوری تصفیے کے لیے افسر وں اور عملے کو واضح اور سخت ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت کی تعلیم دوست پالیسی کے تحت کسی بھی معلم یا معلمہ کی فائل غیر ضروری طور پر روکنے کی روایت کا مکمل خاتمہ کر دیا گیا ہے ، اور اب تمام کیسز کو مقررہ مدت کے اندر نمٹایا جائے گا۔