بھاری جرمانے ،موٹر سائیکل رکشہ ڈرائیور فاقوں کا شکار
پنڈی بھٹیاں (نامہ نگار )ٹریفک کے بھاری جرمانوں سے موٹر سائیکل سوار اور چنگ چی رکشے چلا کر روزی کمانے والے محنت کش پریشانی کا شکار ہو گئے ،
ٹریفک پولیس اہلکار سارا دن سڑکوں پر ناکے لگا کر شہریوں کو جرمانے کرنے میں مصروف ہیں ، چنگ چی رکشہ ڈرائیورز بھاری جرمانوں سے فاقہ کشی کا شکار ہو رہے ہیں ۔ذرائع کے مطابق ٹریفک پولیس کے اہلکار جن کو جرمانوں سے رقوم اکٹھی کرنے کے ٹارگٹ ملتے ہیں وہ اپنی کارکردگی دکھانے کیلئے اور ٹارگٹ پورا کرنے کیلئے شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں ،حکومت نے مال بردار گاڑیوں کی ہڑتال کے بعد بڑی گاڑیوں کو جرمانے کرنے پر پابندی عائد کررکھی ہے جس سے سارا بوجھ موٹر سائیکل سواروں، چنگ چی رکشوں اور چھوٹی گاڑیوں پر آگیا ہے اور ڈیوٹی پر تعینات اہلکار روازنہ کی بنیاد پر لاکھوں روپے جرمانوں کی مد میں خزانہ میں جمع کروا کر نوکری سیدھی کرنے پر مجبور ہیں ۔ ڈی ایس پی ٹریفک حافظ آباد بھی مختلف سڑکوں پر خود کھڑے ہو کر ڈرائیوروں کو بھاری جرمانے کر کے قومی خزانہ بھرتے نظر آتے ہیں ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پہلے ہی مہنگائی بے روز گاری کا شکار ہیں ، مزید مالی پریشانی میں مبتلا کرنے کے بجائے دیگر ذرائع سے قومی خزانہ بھرا جائے عوامی سواری پر سفر کرنے والے شہریوں کو عذاب میں مبتلا نہ کیا جائے ۔