رشوت لینے پر یو نین کونسل میانہ گوندل کا اہلکار گرفتار
منڈی بہا ئو الدین (ڈسٹرکٹ رپورٹر)سرکل آفیسر اینٹی کرپشن منڈی بہا ئو الدین مرزا عمران الحق کی ہدایت پر رشوت کیخلاف کامیاب کارروائی کرتے ہوئے اینٹی کرپشن نے یونین کونسل میانہ گوندل میں ریڈ کے دوران نائب قاصد کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔
ایک شہری نے اینٹی کرپشن دفتر میں درخواست دی کہ شناختی کارڈ کے حصول کیلئے پیدائش سرٹیفکیٹ کے اندراج کے سلسلے میں اس سے رشوت طلب کی جا رہی ہے ۔ درخواست گزار کے مطابق احمد مختار جو خود کو سیکرٹری یونین کونسل ظاہر کرتا تھا، نے نئے اندراج کے عوض بھاری رقم طلب کی تاہم معاملہ 8ہزار روپے میں طے پایا۔ شہری کی شکایت پر اینٹی کرپشن نے مجسٹریٹ کی نگرانی میں منصوبہ بندی کیساتھ کارروائی کی اور نامزد ملزم احمد مختار (نائب قاصد یونین کونسل میانہ گوندل)کو نشاندہی شدہ رقم وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔اینٹی کرپشن حکام کے مطابق ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے ۔