خواص پور چوک سے ماچھیوال تک سڑک کی حالت ابتر

خواص پور چوک سے ماچھیوال تک سڑک کی حالت ابتر

لالہ موسیٰ(نمائندہ دنیا )منتخب ممبرانِ اسمبلی کی بے حسی اور انتظامیہ کی کھلی بدانتظامی کے با عث خواص پور چوک سے ماچھیوال چوک تک محض ساڑھے تین کلومیٹر سڑک مکمل نہ ہو سکی ۔

فاصلہ دس منٹ میں طے کیا جا سکتا ہے لیکن حقیقت میں تیس، چالیس منٹ لگ جاتے ہیں جبکہ ماچھیوال چوک سے میرپور چوک دولت نگر تک 4.6کلومیٹر صرف پانچ منٹ میں طے ہوتا ہے ،یہ ساڑھے تین کلومیٹر کا ٹکڑا جرائم پیشہ عناصر کیلئے مرکز بن چکا ہے ۔ شام کے وقت یہاں سے گزرنا دشوار ہے کیونکہ گاڑی یا موٹر سائیکل تیز رفتاری سے نہیں چل سکتی۔ مقامی رہائشیوں نے بتایا کہ کئی افراد گاڑیاں خراب کر چکے ہیں اور بعض حادثات سے بچنے کے لیے راستے بدلنے پر مجبور ہیں ۔ خواص پور تحصیل کھاریاں اور لالہ موسیٰ کے قومی و صوبائی حلقے میں آتا ہے جبکہ ماچھیوال تحصیل گجرات کے قومی و صوبائی حلقہ جلال پور میں شامل ہے ، تاریخی طور پر یہ علاقہ ہمیشہ وڈیروں کے کہنے پر نمائندے منتخب کرتا رہا ہے لیکن بنیادی سہولیات کے معاملے میں نظر انداز رہا، یہاں سے وجاہت حسین ،حسین الٰہی ،نوابزادہ مظہر علی خان ،چودھری عبد اﷲ ،معین نواز منتخب ہوچکے ہیں لیکن ساڑھے تین کلومیٹر کی سڑک آج تک تعمیر نہیں ہو سکی ، مشرف دور میں شفاعت حسین ضلع کونسل کے بااختیار چیئرمین بھی رہے ۔شہریوں نے اعلیٰ حکام سے سڑک کی تعمیر کا مطالبہ کیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں