چناب سے ریت نکالنے پر قریبی دیہات کے مکینوں کا احتجاج

چناب سے ریت نکالنے پر قریبی دیہات کے مکینوں کا احتجاج

سیلابی صورتحال میں دیہات کو نقصان پہنچ سکتا ہے ، حکام نو ٹس لیں :مظاہرین

علی پورچٹھہ، جامکے چٹھہ (تحصیل رپورٹر ، نامہ نگار)ہیڈ خانکی کے قریب دریائے چناب سے ریت نکالنے کے ٹھیکے کے بعد دریا کے کنارے آباد دیہات کے مکین ممکنہ نقصانات کے خدشات کے پیش نظر سراپا احتجاج بن گئے ۔ متاثرہ علاقوں کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ اگر ریت نکالنے کا عمل اسی طرح جاری رہا تو سیلابی صورتحال میں ان کے دیہات کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ محکمہ معدنیات کی جانب سے ہر سال کی طرح رواں سال بھی دریائے چناب سے ریت نکالنے کے ٹھیکے کی نیلامی کی گئی جس کے بعد مقامی ٹھیکیدار نے ہیوی مشینری کے ذریعے دریا سے ریت نکالنے کا کام شروع کر رکھا ہے ۔

مقامی افراد کے مطابق یہ سرگرمیاں ہیڈ خانکی سے تقریباً تین کلومیٹر کے فاصلے پر واقع دریا کے کنارے آباد جڑواں دیہات برج چٹھہ اور برج ڈھلہ کے قریب جاری ہیں۔دیہات کے رہائشیوں راجہ سلیم، مرزا عبدالرؤف، حیدر قیوم، رانا ابوبکر، سرفراز احمد وڑائچ، سعد عبداللہ وڑائچ، میر حمزہ چیمہ، میر حمزہ وڑائچ، منشا گوندل اور دیگر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ ان کی دریا برد ہونے والی زمینوں کے قریب سے بھی مبینہ طور پر ریت نکالی جا رہی ہے جس سے علاقے میں مزید کٹاؤ اور سیلاب کے خطرات بڑھ سکتے ہیں۔ دوسری جانب سرکاری مؤقف کے حصول کے لیے متعلقہ حکام سے رابطے کی کوشش کی گئی تاہم باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آ سکا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں