علی پورچٹھہ:گنجان علاقوں میں گوبر ، کوڑے کے ڈھیر

علی پورچٹھہ:گنجان علاقوں میں گوبر ، کوڑے کے ڈھیر

مکھیوں، مچھروں اور دیگر حشرات کی افزائش میں اضافہ، بیماریاں پھیلنے لگیں

علی پورچٹھہ (تحصیل رپورٹر )علی پورچٹھہ کے گنجان آباد علاقوں میں کھلے پلاٹس میں گوبر اور کوڑا کرکٹ کے ڈھیر لگنے سے تعفن پھیلنے لگا، جس کے باعث شہری شدید پریشانی کا شکار ہو گئے ۔ صفائی ستھرائی کی ناقص صورتحال کے باعث مکھیوں، مچھروں اور دیگر حشرات الارض کی افزائش میں بھی اضافہ ہونے لگا ۔ شہر میں مرکزی شاہراہوں پر وقتی صفائی کے اقدامات تو کیے جا رہے ہیں تاہم اندرونی گلیوں، محلوں اور رہائشی علاقوں کو نظر انداز کیے جانے کی شکایات سامنے آ رہی ہیں۔ کئی مقامات پر خالی پلاٹس کو گوبر اور کوڑا کرکٹ پھینکنے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے جس سے ماحول آلودہ ہو رہا ہے اور اردگرد رہنے والے شہریوں کی زندگی متاثر ہو رہی ہے۔

مقامی رہائشیوں کا کہنا ہے کہ بدبو اور گندگی کی وجہ سے خصوصاً بچوں، بزرگوں اور مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ شہریوں نے مزید شکایت کی کہ صفائی کی صورتحال تسلی بخش نہیں جبکہ دوسری جانب کوڑا کرکٹ کے بلوں کی وصولی عوام پر اضافی بوجھ بن رہی ہے ۔ شہریوں اور سماجی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ خصوصاً ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر میں صفائی کے نظام کو بہتر بنایا جائے ، کھلے پلاٹس سے فوری طور پر گوبر اور کوڑا کرکٹ اٹھایا جائے اور مکھی مچھر کے خاتمے کے لیے مؤثر سپرے مہم شروع کی جائے تاکہ شہریوں کو صاف اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں