آر پی او کا دورہ سرائے عالمگیر، کھلی کچہری ، ہیلمٹ تقسیم
خرم شہزاد نے شہریوں کے مسائل کے فوری حل کیلئے متعلقہ افسروں کو احکامات دئیے
سرائے عالمگیر (نامہ نگار )ریجنل پولیس آفیسر گوجرانوالہ خرم شہزاد حیدر وڑائچ نے سرائے عالمگیر کا دورہ کیا، جناح ہال میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا ، کھلی کچہری میں شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور اپنے مسائل پیش کئے ،اس موقع پر ڈی پی او گجرات و دیگر پو لیس افسر بھی موجود تھے ۔ آر پی او نے شہریوں کے مسائل کے فوری حل کیلئے متعلقہ افسروں کو احکامات دئیے ۔ آر پی او نے کہا کہ کھلی کچہریوں کا مقصد شہریوں کو براہِ راست اپنی شکایات پیش کرنے کا موقع فراہم کرنا اور مسائل کا بروقت ازالہ یقینی بنانا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام اور پولیس کے درمیان مضبوط رابطہ مؤثر پولیسنگ اور عوامی اعتماد کے قیام کی بنیاد ہے ۔بعد ازاں آر پی او نے پبلک سروس ڈیلیوری کے اقدام کے حوالے سے ٹریفک قوانین آگاہی کیمپ میں مفت ہیلمٹ تقسیم کئے ، ریجنل پولیس آفیسر نے ایس ڈی پی او آفس سرائے عالمگیر اور تھانہ صدر اور تھانہ سٹی سرائے عالمگیر کا بھی دورہ کیا، جہاں فرنٹ ڈیسک، گائیڈ کانسٹیبل اور وکٹم سپورٹ آفیسر کی کارکردگی کا جائزہ لیا ۔ آر پی او نے ہدایت کی کہ سائلین کے ساتھ خوش اخلاقی، صبر اور پیشہ ورانہ رویہ اپنایا جائے تاکہ عوام کو بہترین اور باوقار پولیس سروس فراہم کی جا سکے ۔