گرجاکھ ،اویس قرنی روڈ محلہ باغانوالہ غلاظت میں تبدیل
رہائشی علاقے کے درمیان فلتھ ڈپو بنا کرمکینوں کی زندگی اجیرن بنا دی گئیسرکاری گاڑیاں کوڑا پھینکتے وقت روڈ بند کر دیتی ہیں،اہل علاقہ کرب کا شکار
گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)گرجاکھ کے علاقہ اویس قرنی روڈ محلہ باغانوالہ میں گندگی اور غلاظت کا مسٔلہ حل نہ ہو سکا،ڈی سی کے نوٹس میں لانے کے باوجود وزیر اعلی ٰ کے ستھرا پنجاب کا دعوی ٰ دھرا رہ گیا،ڈپٹی کمشنر کو دی گئی درخواست بھی ر دی کی نذر کر دی گئی،اویس قرنی روڈ محلہ باغانوالہ میں انتظامیہ نے رہائشی علاقے کے درمیان فلتھ ڈپو بنا رکھا ہے جس کے باعث مکینوں کی زندگی اجیرن بنی ہوئی ہے ،گندگی سے پھیلنے والا تعفن بیماریوں کو جنم دے رہا ہے ،سرکاری گاڑیاں کوڑا پھینکتے وقت روڈ بند کر دیتی ہیں جس سے رہائشیوں ،مسافروں اور طلبا کو شدید ذہنی کوفت کا سامنا کرنا پڑتا ہے ،کوڑے کے باعث ٹریفک جام رہنا بھی معمول بن چکا ہے ،مکینوں نے وزیر اعلیٰ سے درخواست کی ہے کہ مسٔلے کا فوری حل نکالا جائے ،ڈپٹی کمشنر نوید احمد کو پابند کیا جائے کہ وہ مکینوں کی شکایات کا فوری ازالہ کریں تاکہ اہل علاقہ کی پریشانی کا خاتمہ ہوا ،بار بار شکایات اور احتجاج کے باوجود کوئی پرسان حال نہیں۔