اپر چناب نہر میں مسلم ریسکیو مشن کی فلڈ موک ایکسرسائز

 اپر چناب نہر میں مسلم ریسکیو مشن کی فلڈ موک ایکسرسائز

اپر چناب نہر میں مسلم ریسکیو مشن کی فلڈ موک ایکسرسائز ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے رضاکاروں کی تربیت، بروقت ریسکیو اقدامات کا جائزہ

گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر) پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے شعبہ خدمتِ خلق گوجرانوالہ کے زیر اہتمام مسلم ریسکیو مشن کے تحت اپر چناب نہر گوجرانوالہ میں فلڈ موک ایکسرسائز کا انعقاد کیا گیا۔ اس مشق کا مقصد ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے رضاکاروں کی عملی تربیت، اداروں کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دینا اور بروقت ریسکیو اقدامات کا جائزہ لینا تھا۔تقریب میں شعبہ خدمتِ خلق پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے چیئرمین چوہدری شفیق الرحمٰن وڑائچ نے خصوصی شرکت کی، جبکہ اسسٹنٹ کمشنر تحصیل صدر گوجرانوالہ فیصل مجید، چیئرمین مرکزی کسان لیگ چوہدری ذوالفقار علی اولکھ اور نائب صدر پاکستان مرکزی مسلم لیگ گوجرانوالہ راشد علی سندھو بھی موجود تھے ۔فلڈ موک ایکسرسائز سردار وسیم، صدر شعبہ خدمتِ خلق گوجرانوالہ کی زیر نگرانی منعقد ہوئی، جس میں مسلم ریسکیو کے تربیت یافتہ رضاکاروں نے سیلاب میں پھنسے افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے ، کشتیوں کے ذریعے ریسکیو، ابتدائی طبی امداد، زخمیوں کے انخلا اور ہنگامی حالات میں فوری امدادی کارروائیوں کا عملی مظاہرہ کیا۔اس موقع پر مقررین نے کہا کہ قدرتی آفات سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے پیشگی تیاری، عملی تربیت اور عوامی شعور بیدار کرنا ناگزیر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شعبہ خدمتِ خلق ہر قسم کی ہنگامی صورتحال میں عوام کی جان و مال کے تحفظ اور بلاامتیاز خدمت کے جذبے کے ساتھ میدان عمل میں موجود ہے ۔شرکا نے مسلم ریسکیو مشن کی تیاریوں، نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ انداز کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ایسی عملی مشقوں کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا تاکہ کسی بھی ممکنہ سیلابی صورتحال میں بروقت اور مؤثر امدادی کارروائیاں یقینی بنائی جا سکیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں