وزیرآباد:سی ٹی او کا خدمت مرکز کا دورہ، سیفٹی کٹس تقسیم

 وزیرآباد:سی ٹی او کا خدمت مرکز کا دورہ، سیفٹی کٹس تقسیم

وزیرآباد:سی ٹی او کا خدمت مرکز کا دورہ، سیفٹی کٹس تقسیم شہر کے داخلی و خارجی جی ٹی روڈ پر ای چالان سسٹم فعال کر دیا :وسیم اختر

وزیرآباد (ڈسٹرکٹ رپورٹر) چیف ٹریفک آفیسر گوجرانوالہ وسیم اختر نے وزیرآباد میں قائم خدمت مرکز اور ٹریفک پولیس کے سبیل کیمپ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈی ایس پی ٹریفک ضمیر اعظم اور سرکل وزیرآباد کے ٹریفک وارڈنز بھی موجود تھے ۔سی ٹی او نے ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے والے شہریوں میں ہیلمٹ، موٹر سائیکل سیفٹی کٹس اور شرٹس تقسیم کیں اور ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کرنے کی تلقین کی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وسیم اختر نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور ٹریفک نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے شہر کے داخلی و خارجی جی ٹی روڈ پر ای چالان سسٹم فعال کر دیا گیا ہے ، جبکہ اندرون شہر سیف سٹی کے کیمروں کے ذریعے ٹریفک کی نگرانی کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ جی ٹی روڈ پر سفر کے دوران سیٹ بیلٹ کا استعمال کریں، لین ڈسپلن کی پابندی کریں اور تمام ٹریفک قوانین پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔شدید گرمی کے پیش نظر سی ٹی او نے ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کے لیے قائم لیموں پانی کی سبیل کا بھی معائنہ کیا اور وہاں موجود شہریوں کو اپنے ہاتھوں سے پانی پلایا۔ بعد ازاں سی ٹی او نے خدمت مرکز کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا اور سرکل وزیرآباد کے افسران اور اہلکاروں کو شاباش دیتے ہوئے اسی جذبے کے ساتھ فرائض انجام دینے کی ہدایت کی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں