حافظ آباد میں گرین الیکٹرک بس سروس کا افتتاح کردیاگیا
گرین بس سروس عوامی فلاح اور ترقیاتی اقدامات کا عملی ثبوت :ارکان اسمبلی ڈپٹی کمشنر، اراکین اسمبلی اورشرکا کا بس میں سوار ہو کر بائی پاس اور شہر کا دورہ
حافظ آباد (نامہ نگار، نمائندہ دنیا) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے حافظ آباد میں گرین الیکٹرک بسوں کے منصوبے کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق، اراکین صوبائی اسمبلی میاں شاہد حسین بھٹی اور میاں عون جہانگیر بھٹی، مسلم لیگ (ن) کے رہنما چودھری تہور حسین تارڑ، شیخ گلزار احمد اور دیگر نے ڈسٹرکٹ کمپلیکس میں منصوبے کا افتتاح کیا۔ تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو تنویر یاسین، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل خرم حمید، اسسٹنٹ کمشنر نرجس خاتون جعفری، اسسٹنٹ کمشنر (ایچ آر) سرفراز احمد، سرکاری افسران، ملازمین اور معززین نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق نے کہا کہ گرین بس منصوبہ حافظ آباد کے عوام کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب کا ایک تحفہ ہے ۔ پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولت نہ ہونے کے باعث عوام کو درپیش مشکلات اب کافی حد تک کم ہوں گی۔ یہ منصوبہ نہ صرف سستی سفری سہولت فراہم کرے گا بلکہ ماحول دوست بھی ہے ، جس سے ماحولیاتی آلودگی میں بھی کمی آئے گی۔اراکین صوبائی اسمبلی اور مسلم لیگ (ن) کے مقامی رہنماؤں نے کہا کہ قائد مسلم لیگ (ن) میاں نواز شریف اور وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہمیشہ عوامی خدمت کی سیاست کو فروغ دیا ہے ۔ گرین بس سروس عوامی فلاح اور ترقیاتی اقدامات کا عملی ثبوت ہے ، جس سے روزانہ ہزاروں شہری مستفید ہوں گے ۔افتتاح کے بعد ڈپٹی کمشنر، اراکین اسمبلی، سرکاری افسران اور دیگر شرکا نے گرین بس میں سوار ہو کر بائی پاس اور شہر کا دورہ کیا، جہاں شہریوں نے ان کا استقبال کیا، گل پاشی کی اور وزیراعلیٰ پنجاب کے حق میں نعرے لگائے ۔