بیرانوالہ روڈ پر سیوریج کا کام سست ،ناقص میٹریل استعمال
3 ماہ میں سیوریج نہ ڈالا جاسکا،کاروباری سرگرمیاں معطل،عوامی نمائندے خاموش درجنوں دیہات کیساتھ فیصل آباد موٹر وے انٹر چینج کو ملانے والی سڑک پرسفر محال
پنڈی بھٹیاں (نامہ نگار )درجنوں دیہات کو شہر اور فیصل آباد موٹر وے سے ملانے والی اہم ترین بیرانوالہ روڈ پر سیوریج کا کام انتہائی سست ہونے سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ،سیورج کے کام پر میٹریل بھی انتہائی ناقص استعمال کیا جا رہا ہے ،دو کلو میٹر پر محیط پائپ ڈالنے کا کام 3 ماہ گزرنے کے باوجود مکمل نہ ہو سکا، ٹھیکیدار کی سست روی کی وجہ سے درجنوں دیہات کے لاکھوں مکینوں کے ساتھ اس سڑک پر سفر کرنے والے مسافر وں کو بھی پریشانی کا سامنا ہے ، ٹھیکیدار کی غفلت کا اندازہ اس امر سے بخوبی لگا یا جاسکتا ہے کہ جہاں پائپ ڈال دیا گیا ہے وہاں سڑک کی تعمیر تو دور کی بات ابھی تک راستے کو ہموار تک نہیں کیا گیا ،شہریوں نے اسسٹنٹ کمشنر کی بھی اس ایشو پر دو ہفتے قبل توجہ دلوائی تھی اور انہوں نے نیسپاک کے اہلکاروں کو بلا کر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی تھی لیکن ٹھیکیدار کے کان پر جوں تک نہ رینگی ۔اس سڑک پر تمام کاروباری سرگرمیاں معطل ہو چکی ہیں ۔ علاوہ ازیں ناقص میٹریل کے استعمال پر علاقہ کے منتخب نمائندے بھی توجہ نہیں دے رہے جس سے شہری تشویش میں مبتلا ہیں ۔ شہریوں نے وزیر اعلیٰ ، کمشنر گوجرانوالہ اور ڈپٹی کمشنر حافظ آباد سے مطالبہ کیا ہے کہ غیر معیاری میٹریل کے استعمال کی غیر جانبدارانہ انکوائری کروا کر منصوبہ کو فوری طور پر مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کی پریشانی دور ہو سکے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments