سمبڑیال:پبلک ٹرانسپورٹ میں سلنڈر نصب ،مسافروں کو خطرہ
طلبہ و طالبات کو لانے لے جانے والی بعض گاڑیوں میں بھی غیر معیاری سلنڈر موجود
سمبڑیال(سٹی رپورٹر )ٹریفک پولیس کی مبینہ ملی بھگت، ایل پی جی سلنڈروں والی نصب مسافربسوں، ویگنوں اور طلبہ و طالبات کی ٹرانسپورٹ کی بھرمار ہو گئی ،مسافروں کی زندگی کو خطرات لاحق ہوگئے ۔ سمبڑیال شہر اور گردونواح میں مسافر بسوں، ویگنوں اور سکولوں و کالجوں کے طلبہ و طالبات کو لانے لے جانے والی بعض ٹرانسپورٹ گاڑیوں میں مبینہ طور پر ایل پی جی سلنڈروں کے استعمال سے شہریوں میں خوف کی لہر دوڑ گئی۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ایسی گاڑیاں بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہیں جبکہ متعلقہ ٹریفک اہلکاروں کی مبینہ چشم پوشی نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا۔ذرائع کے مطابق سمبڑیال سے وزیر آباد، سیالکوٹ، ڈسکہ اور مضافاتی لوکل روٹ پر آنے جانے والی بعض ویگنوں، بسوں اور دیگر پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں میں ایسے سلنڈر نصب ہیں جو مبینہ طور پر مسافروں اور طلبہ کی جانوں کیلئے خطرے کا باعث بن سکتے ہیں۔ شہریوں کے مطابق ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں کسی بڑے حادثے کی ذمہ داری کس پر عائد ہوگی ۔شہریوں نے وزیراعلیٰ ، ٹریفک حکام اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ پبلک ٹرانسپورٹ غیر معیاری سلنڈروں کیخلاف کارروائی کی جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments