قوانین نظر انداز، بغیر نقشہ کمرشل تعمیرات
سرکاری فیس کی ادائیگی نہ ہو نے سے حکومت کو کروڑوں رو پے کا نقصان،پارکنگ کیلئے مختص تہہ خانوں میں کمرشل یونٹس قائم ،متعلقہ حکام خاموش تماشائی
ڈسکہ(نامہ نگار )تحصیل ڈسکہ میں نقشہ جات کی منظوری کے بغیر تعمیراتی کام جاری ، بلڈنگ قوانین کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں ،حکومت کو کروڑوں رو پے کا نقصان لیکن متعلقہ محکمہ خاموش تماشائی بن گیا ۔ڈسکہ شہر بلکہ تحصیل بھر میں بلڈنگ قوانین کی دھجیاں اڑاتے ہو ئے بغیر نقشہ جات کی منظوری کے تعمیراتی کام دھڑلے سے جاری ہیں نقشہ جات نہ بنوانے اور سرکاری فیس کی ادائیگی نہ ہو نے سے حکومت کو کروڑوں رو پے کا نقصان ہورہا ہے لیکن محکمہ بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ نقشہ برانچ میں موجود عملہ خاموش تماشائی بنا ہوا ہے ،تعمیرات کے دوران متعدد عمارتوں کے نقشوں میں بیسمنٹ کو پارکنگ کیلئے مختص ظاہر کیا گیا مگر مبینہ طور پر افسروں کی چشم پوشی اور ملی بھگت کے باعث انہی بیسمنٹس میں کمرشل یونٹس قائم ہو چکے ہیں۔ شہریوں کے مطابق میونسپل کمیٹی کی باگ ڈور سنبھالنے والے بعض افسر اپنی بنیادی ذمہ داریوں سے نظریں چرا رہے ہیں ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ڈسکہ جیسے اہم صنعتی شہر کو کاغذی کارروائیوں نہیں بلکہ فعال قیادت کی ضرورت ہے کیونکہ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو غیر قانونی تعمیرات کا پھیلتا ہوا جال اور انتظامی بے حسی مستقبل میں بڑے مسائل کو جنم دے سکتی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments