پہلی بار ڈی این اے ٹیسٹ سہولت کی منظوری دی گئی، ڈاکٹر طارق
اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وائس چانسلر شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر طارق اقبال نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت کے ہسپتالوں میں گریجویشن اور پوسٹ گریجویشن ڈاکٹرز کی تربیت کیلئے یکساں داخلہ پالیسی نافذ کی جائے گی۔۔
میڈیکل ایجوکیشن میں موجود خامیوں کی نشاندہی اور اصلاحات کیلئے ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر طارق فضل چودھری کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری طور پر پاکستان میں پہلی بار ڈی این اے ٹیسٹ کی سہولت شروع کرنے کی منظوری دی گئی ہے، بیرون ممالک میں ڈیڑھ لاکھ روپے تک اخراجات آ تے ہیں، پاکستان میں پرائیویٹ پبلک پارٹنرشپ کے تحت ٹیسٹ اخراجات میں کمی ہو گئی۔ ہم نے کلینیکل سائنسز میں پی ایچ ڈی ڈگری شروع کرنے اور تحقیق کے بجٹ میں اضافہ کا فیصلہ کیا ہے، انہوں نے کہا ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ سمیت دیگر امتحانات میں شفا فیت کیلئے آئی ٹی ٹیکنالوجی اور آرٹیفشل انٹیلی جنس سے مدد لی جائے گی۔ رواں سال ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ میں 21ہزار سے زائد بچوں نے حصہ لیا اور صرف 200کے قریب شکایات موصول ہوئی تھیں۔