پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائی 500کلو مضر صحت ہلدی تلف
راولپنڈی(نیوزرپورٹر)پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ملاوٹی اور مضر صحت اشیائے خورونوش فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے ۔۔۔
دوران گنج منڈی میں واقع ایک آٹا چکی پر کارروائی کرتے ہوئے 500 کلو ناقص اور مضر صحت ہلدی تلف کر دی جبکہ آٹا چکی کو سیل کر دیا گیا۔ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق کارروائی خفیہ اطلاع اور مسلسل موصول ہونے والی شکایات کی بنیاد پر عمل میں لائی گئی۔ فوڈ سیفٹی ٹیموں نے آٹا چکی سے ہلدی کے نمونے حاصل کر کے تجزیے کے لیے لیبارٹری بھجوائے تھے جو بعد ازاں ناقص معیار اور انسانی صحت کے لیے مضر قرار دیتے ہوئے فیل ہو گئے ۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ ملاوٹی مصالحہ جات خصوصاً ہلدی پاؤڈر کے خلاف صوبہ بھر میں خصوصی سیمپلنگ مہم جاری ہے تاکہ شہریوں کو خالص اور محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ خوراک میں ملاوٹ انسانی صحت کے ساتھ سنگین کھیل ہے اور ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیں راولپنڈی سمیت مختلف اضلاع میں مصالحہ جات، گھی، دودھ اور دیگر اشیائے خورونوش کی چیکنگ کر رہی ہیں جبکہ ناقص اور غیر معیاری اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف بھاری جرمانے ، سیلنگ اور مقدمات درج کرنے جیسے اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔