جی بی: آئی پی پی اور آئی ٹی پی کے مابین انتخابی حلقوں کیلئے مفاہمت
ساجد نقوی اور عبدالعلیم کی ملاقات ،سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال
اسلام آباد(دنیا رپورٹ )گلگت بلتستان میں آئندہ ماہ ہونے والے عام انتخابات میں استحکام پاکستان پارٹی اور اسلامی تحریک پاکستان کے مابین انتخابی حلقوں میں مفاہمت پر اتفاق رائے ہوا ہے جس کے لئے قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی اور استحکام پاکستان پارٹی کے مرکزی صدر عبدالعلیم کے مابین ملاقات ہوئی ہے ۔اجلاس میں دونوں جماعتوں کی طرف سے مرکزی و صوبائی رہنما بھی موجود تھے ۔ دونوں جماعتوں نے آئندہ ملاقاتوں کے ذریعے گلگت بلتستان میں باہمی مفاہمت کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا ہے ۔ ساجد علی نقوی اور عبدالعلیم نے اتحاد و اتفاق کی سیاست کو نا گزیر قرار دیا اور گلگت بلتستان کی موجودہ سیاسی اور ممکنہ انتخابی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا۔ عبدالعلیم کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں بہتری لانے کے لئے خاطر خواہ وسائل موجود ہیں،قدرتی حسن سے مالا مال اس علاقے کو پاکستان کا سوئٹزرلینڈ بنایا جا سکتا ہے ۔ ساجد علی نقوی نے عبدالعلیم خان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ انشاء اللہ مل بیٹھ کر گلگت بلتستان کے معاملات کو دیکھیں گے ۔