اسلام آباد،راولپنڈی ، مبینہ پولیس مقابلے ،3ڈکیت ہلاک ،1زخمی
کورال میں پولیس پر فائرنگ کے دوران قتل کا ایک ملزم ہلاک ،دوسرا زخمی ہو گیا صدر بیرونی میں روات پولیس کی حراست سے فرار ہونیوالے دونوں ملزم مارے گئے
اسلام آباد،راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے ،خبرنگار )اسلام آباد اور راولپنڈی میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران 3ڈکیت ہلاک اورا یک زخمی ہو گیا ۔اسلام آبادکے تھانہ کورال کی حدود میں پولیس ٹیم پر فائرنگ کے دوران ایک ڈکیت ہلاک جبکہ دوسرا زخمی ہوا ، دونوں ملزم غوری ٹاؤن میں ڈکیتی کے دوران قتل کے مقدمے میں ملوث تھے ۔ پولیس گرفتار ملزمان احمد شہزاد اور منیب الرحمن کو اسلحے اور مال مسروقہ کی برآمدگی کے لیے لے جا رہی تھی کہ راستے میں چھپے ملزمان کے ساتھیوںنے انہیں چھڑانے کیلئے پولیس پر اندھا دھند فائرنگ کر دی تاہم پولیس ٹیم بلٹ پروف جیکٹ اور حفاظتی اقدامات کی بدولت محفوظ ر ہی ، فائرنگ میں گرفتار ملزم احمد شہزاد ہلاک جبکہ منیب الرحمن زخمی ہو گیا ۔ ادھر راولپنڈی صدر بیرونی کے علاقہ میں دو ملزموں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی ،جوابی کارروا ئی میں دونوں ملزمان ہلاک ہوگئے جو کچھ دیر قبل روات پولیس کی حراست سے فرار ہوئے تھے ،ملزموں نے صدر بیرونی کے علاقہ میں شہری سے گن پوائنٹ پر کار چھینی اور فرار ہو رہے تھے کہ پولیس کے روکنے پر فائرنگ شروع کر دی۔ ہلاک ملزمان کی شناخت اشفاق اور عباد کے نام سے ہوئی۔ ملزمان نے چار ماہ قبل روات کے علاقہ میں فائرنگ کر کے گارڈ کو قتل جبکہ دیگر افراد کو زخمی کر دیا تھا۔