پاکستانی نوجوانوں کی ورلڈ سکلز شنگھائی میں شاندار کارکردگی
اسلام آباد(دنیا رپورٹ )پاکستان کے پہلے ورلڈ سکلز مقابلے کے شرکاء نے شنگھائی میں ملک کے لیے ایک قابلِ فخر آغاز کیا ہے ۔
یہ اس وژن کی عملی تعبیر ہے جو وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستانی ہنرمند نوجوانوں کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کے لیے پیش کیا تھا۔مدثر حسین نے الیکٹریکل انسٹالیشنز، موحد محبوب نے کوکنگ جبکہ نبیل العارفین میمن نے گرافک ڈیزائن ٹیکنالوجی کے شعبے میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ پاکستانی نوجوان ایک مختصر ٹیم کے ہمراہ شنگھائی پہنچے ، جہاں تک پہنچنے کے لیے انہوں نے نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (NAVTTC) کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والے مختلف مراحل کے مقابلوں میں کامیابی حاصل کی۔ چیئرمین NAVTTC انجینئر قمر الاسلام راجہ نے وفد کی قیادت کی اور مقابلے کے ہر مرحلے میں نوجوانوں کی حوصلہ افزائی اور بھرپور معاونت کی، تاکہ عالمی سطح پر پاکستان کے یہ نوجوان خود کو تنہا محسوس نہ کریں۔شنگھائی میں ان کا مقابلہ 70 سے زائد ممالک اور خطوں کے نوجوان ماہرین سے ہوا۔ ان میں سے بہت سے ممالک کے شرکاء کے ہمراہ تکنیکی ماہرین، معاون عملہ، ڈاکٹرز اور میڈیا ٹیمیں بھی موجود تھیں۔ اس کے برعکس پاکستان کے نوجوانوں کو صرف چند ہفتوں کی تربیت اور محدود وسائل دستیاب تھے ۔ اس کے باوجود انہوں نے بھرپور مقابلہ کیا اور غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقابلے کی اوسط کارکردگی سے نمایاں طور پر بہتر اسکور حاصل کیے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments