رنگ روڈ کے اطراف انڈسٹریل زون کا قیام ترجیحات، ڈپٹی کمشنر
راولپنڈی (نیوز رپورٹر) ڈپٹی کمشنر راولپنڈی ندیم ناصر نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب راولپنڈی میں صنعتی و کاروباری سرگرمیوں کے فروغ میں گہری دلچسپی رکھتی ہے اور رنگ روڈ کے اطراف انڈسٹریل زون کا قیام حکومتی ترجیحات میں شامل ہے ۔
کاروباری برادری کو سہولیات کی فراہمی، صنعتی ترقی اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے ضلعی انتظامیہ ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آر سی سی آئی) کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ وفد میں صدر چیمبر نوشیروان خلیل خان، سینئر نائب صدر وسیم اسلم، نائب صدر اکرام عباسی، سابق صدر راجہ عامر اقبال اور ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبران شامل تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ راولپنڈی رنگ روڈ ایک اہم ترقیاتی منصوبہ ہے، جس کے اطراف صنعتی و کاروباری سرگرمیوں کے فروغ سے نہ صرف سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ روزگار کے مواقع میں بھی اضافہ ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ رنگ روڈ کے قریب سبزی منڈی، غلہ منڈی اور مویشی منڈیوں کی منتقلی کے حوالے سے کام جاری ہے، رنگ روڈ سے منسلک رابطہ سڑکوں کی اپ گریڈیشن کے منصوبوں پر بھی پیش رفت ہو رہی ہے ۔ ان اقدامات کا مقصد شہریوں، تاجروں اور کاروباری طبقے کو بہتر سہولیات فراہم کرنا اور تجارتی سرگرمیوں کو مزید منظم بنانا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments