162 منصوبوں کیلئے اقدامات کی ہدایت

162 منصوبوں  کیلئے  اقدامات  کی  ہدایت

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے شہر کے لیے 75 ارب، 63 کروڑ اور 90 لاکھ روپے کے 162 منصوبوں کی منظوری کا عمل شروع کرنے کی ہدایت کردی۔ شہر قائد پر 187 ارب ، 30 کروڑ روپے خرچ ہوں گے ۔

ان کہنا تھا کہ رواں مالی سال کے بجٹ میں ان منصوبوں کے لیے 14 ارب 80 کروڑ مختص کئے گئے ہیں اور آئندہ سال تک تکمیل کا ہدف ہے جس کے باعث ان منصوبوں پر بلاتاخیر کام شروع کیا جائے ۔ انہوں نے یہ ہدایات پیر کو وزیراعلیٰ ہاؤس میں ایک اجلاس کی صدارت کے دوران جاری کیں۔ وزیر منصوبہ بندی و ترقیات ناصر شاہ نے وزیراعلیٰ کو شہر قائد کے لیے 178 ارب 30 کروڑ روپے کے ترقیاتی پروگرام کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ ترقیاتی پروگرام میں صوبائی سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت 76 ارب، 95 کروڑ اور 20 لاکھ روپے کے 988 منصوبے شامل ہیں۔ 103 ارب، 5 کروڑ اور 10 لاکھ روپے کے چھ بڑے منصوبے بیرونی امدادی پروگرام کے تحت بنائے جائیں گے جبکہ7 ارب 30 کروڑ روپے ضلعی ترقیاتی پروگرام کے تحت خرچ کیے جائیں گے ۔ ان منصوبوں میں ہر ایک 50 کروڑ یا اس سے زیادہ کے 87 اہم منصوبے مالی سال 2024-25 کے ترقیاتی پروگرام کا حصہ ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ 988 منصوبوں میں سے 346 منصوبوں کے لیے مکمل فنڈز جاری کردیے گئے ہیں اور جون 2025 تک مکمل ہونے کی توقع ہے ۔ یہ بھی بتایا گیا کہ 269 ارب 24 کروڑ اور 30 لاکھ روپے کے 826 منصوبوں پر کام جاری ہے ، ان منصوبوں کے لیے 62 ارب، 14 کروڑ اور 90 لاکھ روپے رواں مالی سال میں رکھے گئے ہیں۔ اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ 75 رب، 63 کروڑ اور 90 لاکھ کے ایسے 162 منصوبے جن کے لیے رواں مالی سال میں 14 ارب، 80 کروڑ اور 30 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے وزیر منصوبہ بندی و ترقیات کو ہدایت کی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ تمام محکموں کے منصوبوں کے لیے مختص فنڈز استعمال ہو جائیں تاکہ منصوبوں کی تکمیل کے لیے آئندہ سال مزید فنڈز دیے جائیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ کراچی کے 255 منصوبوں کے لیے 14 ارب، 49 کروڑ، 86 لاکھ اور 84 ہزار روپے یکمشت جاری کیے گئے ہیں۔ ان منصوبوں میں ہر ایک کی لاگت پانچ کروڑ روپے ہے اور یہ سب رواں مالی سال کے آخر تک مکمل ہونے کا امکان ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں