6ارب روپے کے منصوبوں کا افتتاح

6ارب روپے کے منصوبوں کا افتتاح

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کراچی کے مختلف علاقوں کا پانچ گھنٹے طویل دورہ، انفرا اسٹرکچر اور توانائی کے تقریباً چھ ارب روپے کے منصوبوں کا افتتاح کردیا۔

وزیراعلیٰ کے ہمراہ صوبائی وزرا شرجیل انعام میمن، ناصر حسین شاہ، سعید غنی، حاجی علی حسن زرداری اور وقار مہدی بھی تھے ۔ وزیراعلیٰ سندھ کے دورے کے دوران دو روڈ منصوبوں، دو شمسی توانائی کے منصوبوں اور ایم این اے اسد عالم نیازی، سعید غنی اور ڈپٹی اسپیکر انتھونی نوید کے حلقے منظور کالونی میں فٹبال گراؤنڈ کا افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ضلع غربی اور وسطی میں سڑکوں کی تعمیر نو کے تین اہم منصوبوں کا افتتاح کیا۔ 1.6 کلومیٹر طویل دو رویہ مرزا آدم روڈ 90 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا۔ چار کلومیٹر طویل کیفے پیالہ روڈ سخی حسن سے راشد منہاس روڈ تک بنائی گئی ہے ۔ منصوبے پر نوے کروڑ 15 لاکھ روپے لاگت آئی ہے ۔ ایک اور اہم منصوبے شاہراہ نورجہاں کا بھی افتتاح کیا گیا ۔ 6 کلومیٹر طویل دو رویہ سڑک کے علاوہ 4.35 کلومیٹر طویل سروس روڈ بھی بنائی گئی ہے ۔ منصوبے پر 3 ارب 36کروڑ اور 77 لاکھ روپے لاگت آئی ہے ۔ سستی توانائی کی جانب اہم قدم بڑھاتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے ڈاؤ یونیورسٹی اسپتال اوجھا کیمپس کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے منصوبوں کا افتتاح کیا۔ 29 کروڑ روپے کی لاگت سے بننے والے منصوبے سے اوجھا کیمپس کو 2.32 میگاواٹ بجلی حاصل ہو رہی ہے ۔

اس منصوبے کے تحت اسپتال کی 12 اہم عمارتوں کو شمسی توانائی پر منتقل کیا گیا ہے جس میں آپریشن وارڈ، ڈیجیٹل لائبریری بھی شامل ہیں۔ انفرا اسٹرکچر اور قابل تجدید توانائی کے منصوبے حکومت سندھ کے کراچی کے عوام کو طویل مدتی سہولیات کی فراہمی کے عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔ ضلع شرقی کے علاقے منظور کالونی میں شاہین فٹبال گراؤنڈ اور پارک کی بحالی پر 21 کروڑ 30 لاکھ روپے لاگت آئی ہے، صوبہ 2022-23 کے کلک پروگرام کا حصہ ہے ۔ فٹبال گراؤنڈ ساڑھے پانچ ایکڑ پر پھیلا ہے ۔ تماشائیوں کے لیے 400 نشستیں بنائی گئی ہیں۔ جدید سہولیات سے آراستہ کلب ہاؤس اور کھیل کا میدان تیار کیے گئے ہیں۔ منظور کالونی مین فٹبال گراؤنڈ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے 26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری کا کریڈٹ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح انہوں نے قائدانہ کردارادا کیا ہے وہ دن دور نہیں جب بلاول بھٹو زرداری ملک کے وزیراعظم ہوں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں