سکھر:بدامنی کے خلاف ریلوے پریم یونین کی احتجاجی ریلی
ٹائر جلا کر دھرنا بھی دیا، روڈ بلاک، شہر میں امن وامان بحال کرانے کامطالبہ اسٹریٹ کرائم حد سے زیادہ، روزانہ گاڑیاں چوری، شہری غیر محفوظ، رہنما
سکھر(بیورو رپورٹ)پاکستان ریلوے پریم یونین سی بی اے سکھر کے زیر اہتمام ملازمین کی بڑی تعداد نے بڑھتی ہوئی بدامنی، لوٹ مار اور موٹر سائیکلوں و گاڑیوں کی مسلسل چوری کے خلاف ریلوے اسٹیشن تا ایوب۔ گیٹ احتجاجی ریلی نکالی اور دھرنا دیتے ہوئے ٹائر نذر آتش کئے ، اور دونوں اطراف سڑک بلاک کر دی، جس کے باعث ٹریفک کی آمد و رفت معطل ہوگئی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بدامنی کے خلاف تحریری پلے کارڈ و بینرز اٹھا رکھے تھے ، مظاہرین سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرکزی جنرل سیکرٹری خیر محمد تنیو، اختر علی عباسی و دیگر رہنماؤں نے کہا کہ سکھر میں اسٹریٹ کرائم میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوگیا، روزانہ کی بنیاد پر موٹر سائیکل اور گاڑیاں چوری ہورہی ہیں جس سے شہری خود کو غیر محفوظ محسوس کرنے لگے ہیں۔
مذکورہ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ یہ افسوسناک امر ہے کہ ایک ذمہ دار شہری اور مزدور تنظیم کے مرکزی رہنما کی گاڑی بھی محفوظ نہ رہ سکی، جو پولیس کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے ، رہنماؤں نے سکھر پولیس کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ایسا لگتا ہے پولیس نے شہریوں اور شہر کو چوروں کے رحم و کرم پر چھوڑ رکھا ہے ، مذکورہ رہنماؤں و مظاہرین نے آئی جی سندھ پولیس سمیت اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ شہر میں امن و امان کی بحالی اور اسٹریٹ کرائم کے خاتمے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کئے جائیں۔بصورتِ دیگر ریلوے مزدور احتجاج کا دائرہ وسیع کردینگے جس کی تمام تر ذمہ داری انتظامیہ پر عائد ہوگی۔