مسیحی برادری کے مقدس ایام ،2 تا 6 اپریل امتحانات منعقد کرنے پر پابندی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ حکومت نے مسیحی برادری کے مقدس ایام ہولی ویک اور ایسٹر کے پیشِ نظر 2 تا 6 اپریل 2026 امتحانات منعقد کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
اس سلسلے میں صوبائی وزیر جامعات اینڈ بورڈز محمد اسماعیل راہو نے تمام تعلیمی بورڈز کو باضابطہ ہدایات جاری کر دی ہیں۔صوبائی وزیر کے مطابق یہ فیصلہ وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایت پر کیا گیا، جنہوں نے مسیحی برادری کے مذہبی جذبات کے احترام میں امتحانات کی تاریخیں تبدیل کرنے کا حکم دیا۔ یہ اقدام سینٹ پیٹرک ہائی اسکول کراچی کے پرنسپل، ریورنڈ فادر ماریو اے روڈریگز کی درخواست پر اٹھایا گیا۔محمد اسماعیل راہو نے واضح کیا کہ 2 اپریل سے 6 اپریل تک کوئی بھی پرچہ نہیں لیا جائے گا، جبکہ ملتوی شدہ یا نئے امتحانات اب 7 اپریل 2026 بروز منگل سے دوبارہ شروع ہوں گے ۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ جن تعلیمی بورڈز نے پہلے سے امتحانی ٹائم ٹیبل جاری کر رکھا ہے وہ فوری طور پر ضروری ترامیم کر کے نیا شیڈول جاری کریں۔ تمام بورڈز کے چیئرمینز کو فیصلے پر عملدرآمد کر کے تعمیلی رپورٹ محکمہ کو ارسال کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے تاکہ وزیر اعلیٰ سیکریٹریٹ کو آگاہ کیا جا سکے ۔