پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کو تحفظ فراہم کرنے کا حکم
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ نے پسند کی شادی کرنے والے جوڑے شان علی اور کلثوم کو تحفظ فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے ان کے خلاف درج مقدمے کی کارروائی معطل کرنے کی ہدایت کردی۔
عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل سندھ، پراسکیوٹر جنرل سندھ، ایس ایس پی انویسٹی گیشن و دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین سے 25 فروری تک جواب طلب کرلیا۔ درخواست گزار کے وکیل لیاقت گبول ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ شان علی اور کلثوم نے 22 جنوری 2026 کو پسند کی شادی کی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ لڑکی کی والدہ نے ابراہیم حیدری تھانے میں اغواء کا مقدمہ درج کرایا ہے ۔ وکیل درخواست گزار کے مطابق کلثوم کے اہلخانہ کی جانب سے جوڑے کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں، اس لیے عدالت سے استدعا ہے کہ شان اور کلثوم کو تحفظ فراہم کرنے کا حکم دیا جائے ۔ عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد جوڑے کو تحفظ فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو نوٹس جاری کردیئے اور آئندہ سماعت تک مقدمے کی کارروائی معطل رکھنے کی ہدایت کردی۔