کے ایم سی ویجی لینس اسکواڈ کو الیکٹرک بائیکس فراہم

کے ایم سی ویجی لینس اسکواڈ کو الیکٹرک بائیکس فراہم

اسکواڈ شہر کے انفرااسٹرکچر کو نقصان سے بچانے کیلئے نگرانی کرے گا،میئرکراچی کو حق دوکے بینرز بنانے والوں کا کاروبار سربمہر کرسکتے ہیں،مرتضیٰ وہاب

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ شہر کے انفرااسٹرکچر کے تحفظ اور غیرقانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے کے ایم سی ویجی لینس اسکواڈ کا قیام ایک اہم قدم ہے ، کے ایم سی ویجی لینس اسکواڈ کے قیام کا مقصد اس امر کو یقینی بنانا ہے کہ کوئی بھی شخص غیرقانونی طور پر سڑکوں کی کھدائی نہ کرے اور شہر کے انفرااسٹرکچر کو نقصان نہ پہنچائے ،یہ اسکواڈ اس بات کی بھی نگرانی کرے گا کہ کہیں منشیات کے عادی افراد اسٹریٹ لائٹس، تاروں یا دیگر سرکاری املاک کو نقصان تو نہیں پہنچا رہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز صدر دفتر بلدیہ عظمیٰ کراچی میں کے ایم سی ویجی لینس اسکواڈ میں الیکٹرک بائیکس کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔میئر نے مزید کہا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں لگائے گئے بینرز اور پوسٹرز کے ذریعے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے تاہم اس طرح کے ہتھکنڈوں سے نہ شہر صاف ہوگا اور نہ ہی مسائل حل ہوں گے ، بعض مقامات پر کراچی کو حق دوکے نعرے کے ساتھ جماعت اسلامی کے بینرز آویزاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی اس معاملے پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے اور آئندہ ایسے افراد یا عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی جو غیرقانونی بینرز اور پوسٹرز تیار اور آویزاں کرتے ہیں، حتیٰ کہ ان کے کاروبار کو بھی سیل کیا جا سکتا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں