بینرز یا وال چاکنگ کی اجازت نہیں دیں گے ،میئر

 بینرز یا وال چاکنگ کی اجازت نہیں دیں گے ،میئر

سیاسی مخالفین تنقید ضرور کریں ، شہر گندا نہ کریں، بیرسٹر مرتضی وہاب لگتا ہے بنگالی بابا نے کسی کو انگیج کر دیا ، ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو

کراچی (اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے شہر میں بینرز اور وال چاکنگ سے متعلق کہا ہے کہ کسی بھی مہذب معاشرے میں سڑکوں پر بینر نہیں لگے ہوتے ۔ سندھ ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کے دوران میئر مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ لاہور اور اسلام آباد میں بھی سڑکوں اور پبلک پراپرٹی پر بینرز کی ایسی صورتحال نہیں جیسی کراچی میں ہے ۔ کراچی میں شہر کو صاف کرنے کا مطالبہ بھی بینرز لگا کر کیا جا رہا ہے ،اگر شہر کو صاف کرنا ہے تو سب کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پرنٹنگ پریس والے اپنا کام کریں، لیکن سڑکوں پر بینر لگانے کی اجازت نہیں ہوگی، کیونکہ بینر لگانے والے سرکار کو کوئی ٹیکس ادا نہیں کرتے ۔ انہوں نے دکانداروں کو بھی مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ غیر قانونی کاموں کا حصہ بننے سے گریز کریں۔ میئر کراچی کا کہنا تھا کہ اظہارِ رائے کی آزادی قانون کی پاسداری سے مشروط ہے اور ڈیفیسمنٹ آف پراپرٹی سے متعلق قانون واضح طور پر موجود ہے ، جس کے تحت شہر میں بینرز اور وال چاکنگ غیر قانونی ہیں،اگر جماعت اسلامی یا کوئی بھی سیاسی مخالف ان پر تنقید کرنا چاہتا ہے تو ضرور کرے لیکن شہر میں بینرز یا چاکنگ کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ حالیہ دنوں میں عدالت بھی وال چاکنگ کے خلاف فیصلہ دے چکی ہے ۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ لگتا ہے بنگالی بابا نے کسی کو انگیج کر دیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں