روہڑی:شٹر توڑکر25لاکھ کے نوٹوں کے ہار، نقدی چوری
شہر میں بدامنی کیخلاف تاجر سراپا احتجاج، پولیس کی امن بحالی کی یقین دہانیسراغ رساں کتوں نے مبینہ ملزم گرفتار کرادیا، پڈعیدن میں مبینہ ڈکیت پکڑا گیا
روہڑی، پڈعیدن (نمائندگان )روہڑی کے شاہی بازار کے سوریہ بادشاہ شاپنگ سینٹر میں تاجر وکی کمار کے جنرل اسٹور میں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب نا معلوم چور پچھلے حصے کا شٹر توڑ کر داخل ہوئے اور تقریباً 10 لاکھ روپے اور 15 لاکھ کے نوٹوں کے ہار لیکر فرار ہو گئے ، شہر میں بڑھتی ہوئی بدامنی کیخلاف تاجر سراپا احتجاج بن گئے ، آل تاجر برادرز کے صدر حاجی ندیم شیخ،لالا عقیل خان ودیگر کی قیادت میں مظاہرہ کیا اور نعرے بازی کرتے ہوئے امن کی بحالی کا مطالبہ کیا، انہوں نے انتباہ کیا امن وامان بحال نہ ہوا تو شٹر ڈاؤن ہڑتال اور احتجاجی تحریک چلائینگے جس کے بعد اے ایس پی سٹی صعیب نے تاجروں یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ شہریوں اور تاجر برادری کو تحفظ دینا پولیس کی ذمہ داری ہے۔
پولیس نے سراغ رساں کتے منگوائے جو دریا بندر کے علاقے میں میرانی برادری کے گھر میں جاکر بیٹھ گئے جہاں سے پولیس نے ایک نوجوان کو حراست میں لیکر تفتیش کا آغاز کردیا۔ دوسری جانب پڈعیدن پولیس نے کارروائی کے دوران قتل اور ڈکیتی کے مقدمے میں مطلوب ایک خطرناک ملزم کو گرفتار کر نے کا دعویٰ کیا ہے ، پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران ملزم عاقب ولد عبداللہ مبیجو کو حراست میں لیا گیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم قتل کے ایک مقدمے میں ملوث تھا، جس میں مقتول انصاف علی عرف خالد حسین مبیجو شامل ہیں۔ دوران تفتیش ملزم کی نشاندہی پر ایک پستول، 5 گولیاں اور ایک موٹرسائیکل برآمد کر لی گئی۔