رہائشی علاقوں میں غیر قانونی بھٹیاں شہریوں کیلئے وبال جان

 رہائشی علاقوں میں غیر قانونی بھٹیاں شہریوں کیلئے وبال جان

رہائشی علاقوں میں غیر قانونی بھٹیاں شہریوں کیلئے وبال جان پلاسٹک جلانے سے زہریلا دھواں، بھٹیاں آبادی سے باہر منتقل کرنے کا مطالبہ

گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر) گوجرانوالہ کے رہائشی علاقوں میں قائم غیر قانونی بھٹیوں کو آبادی سے باہر منتقل نہ کیا جا سکا، جبکہ پلاسٹک اور دیگر ممنوعہ مواد بطور ایندھن استعمال کیے جانے سے زہریلا دھواں فضا کو آلودہ کر کے مختلف بیماریوں کا سبب بننے لگا۔ذرائع کے مطابق کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات کی جانب سے کارروائیوں کے باوجود آلودگی پھیلانے والی متعدد فیکٹریاں اور بھٹیاں دوبارہ ڈی سیل کر دی گئیں۔ شہر کے مختلف علاقوں کھیالی شاہ پور، نوشہرہ روڈ، میاں سانسی روڈ، نوشہرہ سانسی روڈ، دھلے ، واپڈا ٹاؤن، کوہلووالہ، کچا کھیالی روڈ، شیخوپورہ روڈ، جی ٹی روڈ، غلام محمد ٹاؤن، رتہ جھال اور بٹ کالونی کے اطراف غیر قانونی بھٹیاں قائم ہیں، جہاں پرانا پلاسٹک اور دیگر ممنوعہ مواد بطور ایندھن استعمال کیا جاتا ہے ۔مقامی آبادی کا کہنا ہے کہ ان بھٹیوں سے اٹھنے والا سیاہ اور زہریلا دھواں گھروں میں داخل ہو جاتا ہے ، جس سے سانس لینے میں دشواری اور دیگر طبی مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔ متاثرہ علاقوں کے مکینوں نے کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور محکمہ ماحولیات کے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ غیر قانونی بھٹیوں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے انہیں فوری طور پر بند کرایا جائے اور مالکان کو اپنے کارخانے رہائشی آبادیوں سے باہر منتقل کرنے کا پابند بنایا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں