وی آئی پیز کی سکیورٹی کا ازسرِنو جائزہ لینے کا حکم
تھریٹ اسسمنٹ کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں سکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایتوزیرداخلہ کی زیرصدارت اجلاس، غیر ضروری نفری کی تعیناتی ختم کرنے پر زور
کراچی(این این آئی)وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار کی زیر صدارت تھریٹ اسسمنٹ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں اہم شخصیات، سیاسی و مذہبی رہنماؤں اور وی آئی پیز کی سیکیورٹی کا ازسرِنو جائزہ لینے پر زور دیا گیا۔ اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ سکیورٹی کی فراہمی حقیقی خطرات، دستیاب معلومات اور تھریٹ اسسمنٹ کمیٹی کی رپورٹ و سفارشات کی روشنی میں یقینی بنائی جائے ۔وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ سکیورٹی انتظامات کو مؤثر، شفاف اور ضرورت کے مطابق بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں تاکہ سرکاری وسائل کا درست استعمال یقینی بنایا جا سکے ۔انہوں نے ہدایت کی کہ غیر مجاز طور پر فراہم کی گئی سکیورٹی واپس لینے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں اور سیکیورٹی کے نام پر غیر ضروری نفری کی تعیناتی کا سلسلہ ختم کیا جائے۔
سکیورٹی اہلکاروں کی تعیناتی کا فیصلہ محض کسی شخصیت کے منصب یا حیثیت کی بنیاد پر کرنے کے بجائے حقیقی خطرات اور دستیاب معلومات کو مدنظر رکھ کر کیا جائے ، سکیورٹی کی فراہمی میں ضرورت اور خطرات کی نوعیت کا تعین ناگزیر ہے ۔ تھریٹ اسسمنٹ کمیٹی کی سفارشات کے مطابق سیکیورٹی انتظامات کیے جائیں اور ان پر مؤثر نگرانی کا نظام بھی یقینی بنایا جائے ، تاکہ سیکیورٹی وسائل کو غیر ضروری طور پر استعمال ہونے سے روکا جا سکے ۔انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ سکیورٹی وسائل کو ضرورت اور ترجیحات کے مطابق استعمال کیا جائے ۔ عوام کے تحفظ، سیکیورٹی اہلکاروں کی دستیابی اور ان کی مؤثر تعیناتی کو بھی یقینی بنایا جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments