اے ڈی سی بی کے نتائج: سرکاری کالجوں کی کارکردگی کا پول کھل گیا

 اے ڈی سی بی کے نتائج: سرکاری کالجوں کی کارکردگی کا پول کھل گیا

امتحان دینے والے 8204 امیدواروں میں سے 2776 کامیاب اور 5428 ناکام ہوئے ، نتائج میں مجموعی کامیابی کا تناسب 33.84 فیصد رہا بعض اداروں کی کامیابی 100 فیصد رہی، ان میں کئی جگہ امیدواروں کی تعداد صرف ایک تھی،متعدد کالجوں میں کوئی امیدوار کامیاب نہ ہوسکا

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)جامعہ کراچی کے ایسوسی ایٹ ڈگری اِن کامرس (اے ڈی سی)/بی کام سالانہ امتحانات 2025ء کے نتائج میں سرکاری کالجز کی کارکردگی کا پول کھل گیا ہے ۔ نتائج کے مطابق ایسوسی ایٹ ڈگری اِن کامرس (اے ڈی سی)/بی کام سالانہ امتحانات 2025ء میں مجموعی کامیابی کا تناسب 33.84 فیصد رہا۔امتحان دینے والے 8204 امیدواروں میں سے 2776 کامیاب اور 5428 ناکام ہوئے ، طالبات میں کامیابی کا تناسب 41.11 فیصد رہا، کالج وار نتائج میں بعض اداروں کی کامیابی 100 فیصد رہی، تاہم ان میں کئی جگہ امیدواروں کی تعداد صرف ایک تھی جبکہ دوسری جانب متعدد کالجوں میں کوئی امیدوار کامیاب نہ ہوسکا۔طالبات کے نتائج میں عبداللہ گورنمنٹ کالج برائے خواتین کے 87 میں سے 33 امیدوار یعنی 37.93 فیصد، الحمد کالج آف پروفیشنل ایجوکیشن کے 27 میں سے 10 یعنی 37.04 فیصد، علامہ اقبال گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج کے 45 میں سے 13 یعنی 28.89 فیصد، اے پی ڈبلیو اے گورنمنٹ کالج برائے خواتین کے 71 میں سے 21 یعنی 29.58 فیصد اور بحریہ فاؤنڈیشن کالج کا ایک امیدوار شریک ہوا جو کامیاب نہ ہوسکا۔

بی اے ایم ایم، پی ای سی ایچ ایس گورنمنٹ کالج برائے خواتین کے 123 میں سے 51 یعنی 41.46 فیصد پاس ہوئے۔ گورنمنٹ کالج برائے خواتین شاہراہِ لیاقت کے 98 میں سے 34 یعنی 34.69 فیصد امیدوار کامیاب ہوئے ۔ گورنمنٹ ڈگری کالج برائے خواتین بلاک ایم، نارتھ ناظم آباد کے 77 میں سے 27 یعنی 35.06 فیصد امیدوار کامیاب ہوسکے ۔گورنمنٹ ڈگری گرلز کالج نارتھ کراچی 11-بی کے 107 میں سے 32 امیدوار کامیاب ہوئے ، تناسب 29.91 فیصد رہا۔گورنمنٹ اسلامیہ کالج برائے خواتین کے 101 میں سے 32، یعنی 31.68 فیصد امیدوار کامیاب ہوسکے۔ عائشہ باوانی گورنمنٹ کالج نمبر 2 کے 71 میں سے 16 امیدوار پاس ہوئے ، تناسب 22.54 فیصد رہا۔ گورنمنٹ ڈگری ایس سی/کامرس کالج، اورنگی ٹاؤن کے چاروں امیدوار ناکام ہوئے۔

جامعہ ملیہ گورنمنٹ کالج نمبر 2 کے پہلے اندراج میں دو میں سے کوئی امیدوار پاس نہ ہوا، جبکہ اسی نام کے دوسرے اندراج میں 41 میں سے سات، یعنی 17.07 فیصد کامیاب ہوئے۔ پاکستان شپ اونرز گورنمنٹ کالج کے 20 میں سے پانچ امیدوار کامیاب ہوئے ، تناسب 25 فیصد رہا۔ سر آدم جی انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسز کے تمام چھ امیدوار ناکام رہے ۔کم ترین نتائج میں طالبات کے بحریہ فاؤنڈیشن کالج اور ایس ایس اے ٹی ڈگری کالج کا تناسب صفر رہا؛ دونوں جگہ ایک ایک امیدوار امتحان میں شریک ہوا اور کوئی کامیاب نہ ہوسکا۔ بعض دیگر کالجوں میں صفر کامیابی ایک امیدوار کے امتحان دینے سے سامنے آئی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...