اہم آبی تنصیبات کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے سکیورٹی انتظامات مزید سخت کرنے کا فیصلہ
دھابیجی ، گھارو پمپنگ اسٹیشن، گھارو فلٹر پلانٹ اور چلیا انٹیک زیرو پوائنٹ کی سکیورٹی کیلئے پکٹ اور پولیس گشت کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی کو آگاہ کیا جائے گا
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر احمد علی صدیقی کی ہدایت پر کارپوریشن کے چیف سکیورٹی آفیسر سید جواد شاہ نے دھابیجی پمپنگ کمپلیکس کا دورہ کر کے سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا اور حساس آبی تنصیبات کی حفاظت مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کر دی۔دورے کے دوران انتخاب احمد راجپوت، کاظم سومرو، اظہر اقبال قاضی اور اخلاق احمد راجپوت بھی ان کے ہمراہ تھے ۔سی ایس او نے پمپنگ میں تعینات سکیورٹی عملے کی موجودگی، داخلی و خارجی راستوں کی نگرانی اور حساس تنصیبات کے تحفظ کیلیے کیے گئے اقدامات کا معائنہ کیا۔اس موقع پر سید جواد شاہ نے ہدایت کی کہ کراچی کو پانی فراہم کرنے والی اہم تنصیبات کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے سکیورٹی انتظامات کو مزید بہتر اور مؤثر بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ دھابیجی پمپنگ اسٹیشن، گھارو پمپنگ اسٹیشن، گھارو فلٹر پلانٹ اور چلیا انٹیک زیرو پوائنٹ کی سکیورٹی مزید مؤثر بنانے کیلئے متعلقہ مقامات کے اطراف مستقل دھابیجی پولیس پکٹ قائم کرنے اور پولیس گشت یقینی بنانے کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ اور ایس ایس پی ٹھٹھہ کو تحریری طور پر آگاہ کیا جائے گا۔ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق دھابیجی پمپنگ کمپلیکس کراچی کو پانی فراہم کرنے والے بنیادی مراکز میں شامل ہے ، جہاں بجلی کی مسلسل فراہمی اور پمپنگ نظام کی بلا تعطل فعالیت شہر میں پانی کی فراہمی برقرار رکھنے کیلئے انتہائی اہم ہے ۔ اہم آبی تنصیبات کی موثر سکیورٹی نہ صرف سرکاری املاک کے تحفظ بلکہ پانی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے بھی ناگزیر ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments