دفتر آئے بغیر نقشے جمع کرانے کیلئے پورٹل مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ
گھریلو، کمرشل، صنعتی ودیگر نقشے ای بز پورٹل کے ذریعے ہی وصول کئے جائینگے‘پورٹل پر نئے نقشے جمع کرانیکی سہولت ای بز پورٹل کے دائرہ کار کو مزید بڑھانے کیلئے نئی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ ،کمیٹی کونئے ایس او پیز تیار کرنیکی ہدایت
لاہور (شیخ زین العابدین)شہریوں کی آسانی کے لیے پنجاب حکومت کا ای بز پورٹل مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ،ایل ڈی اے کے تمام گھریلو، کمرشل اور صنعتی نقشے ای بز پورٹل پر وصول کرنے کی تجویز،دفاتر آئے بغیر نقشے جمع کرانے اور 48 گھنٹوں میں منظوری کا ہدف مقرر کیا جائے گا، ذرائع کے مطابق شہریوں کی سہولت کیلئے پنجاب حکومت کے قائم کردہ ای بز پورٹل کو مزید فعال بنانے پر غور شروع کر دیا گیا ہے ۔لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ گھریلو، کمرشل، صنعتی اور دیگر تمام اقسام کے نقشے ای بز پورٹل کے ذریعے ہی وصول کئے جائینگے ۔ایل ڈی اے نے ای بز پورٹل کے متوازی چلنے والے تمام دیگر سسٹمز بند کرنے کی تجویز بھی دی ہے ،جبکہ ایل ڈی اے ون ونڈو پر مختلف سسٹمز کے تحت نقشے وصول نہ کرنے کی سفارش سامنے آئی ہے ۔
ای بز پورٹل کے تحت شہریوں کو یہ سہولت حاصل ہو گی کہ وہ ایل ڈی اے کے دفاتر آئے بغیر آن لائن نقشے جمع کرا سکیں گے ،جس سے وقت اور اخراجات میں نمایاں کمی آئے گی۔ای بز پورٹل کے دائرہ کار کو مزید بڑھانے کے لیے نئی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ،جس میں چیف انفارمیشن ٹیکنالوجی آفیسر، چیف ٹاؤن پلانرز اور ڈائریکٹر فنانس کو بطور ممبر شامل کیا جائے گا۔ابتدائی مرحلے میں ای بز پورٹل پر صرف کمرشل نقشے اور لینڈ یوز سے متعلق کیسز جمع ہو رہے ہیں،جبکہ اس وقت پورٹل پر صرف نئے نقشے جمع کرانے کی سہولت موجود ہے ۔کمیٹی کو ای بز پورٹل سے متعلق نئے ایس او پیز تیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ،جن کے تحت مستقبل میں پرانے نقشے ، ری بلڈ پلان اور ریوائزڈ پلان جمع کرانے کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔ای بز پورٹل پر موصول ہونے والے نقشوں کو اڑتالیس گھنٹوں کے اندر منظور کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ،جس کے بعد نقشہ منظوری کے نظام کو مزید شفاف، تیز اور آسان بنانے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے ۔